0
Thursday 21 Nov 2019 18:54

تحریک منہاج القرآن اخلاق محمدی ﷺ کے ترغیب و فروغ کے مشن پر کاربند ہے، فرح ناز

تحریک منہاج القرآن اخلاق محمدی ﷺ کے ترغیب و فروغ کے مشن پر کاربند ہے، فرح ناز
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے جملہ اوصاف و اخلاق سراپا قرآن ہیں، اللہ کی صفات کی کوئی حد ہے اور نہ کلام اللہ کے معانی و معارف کی کوئی حد ہے، قیامت تک کے لیے قرآن اپنے مطالب و مفاہیم میں امت کی رہنمائی کرتا رہے گا،، ہمارا عقیدہ اور ایمان ہے کہ امت محمدیہ ﷺ کے جملہ مسائل اور مصائب کا حل اخلاق حسنہ کی پیروی میں ہے۔ وہ منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کے زیر اہتمام ”دہر میں اسم محمد سے اجالا کر دے“ کے موضوع پر منعقدہ سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ کانفرنس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان، عہدیداران نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آغاز میں مختلف سکولوں کی بچیوں نے ہاتھوں میں شمعیں پکڑ کر حضور سرور کونین ﷺ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

مرکزی صدر فرح ناز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ سے روایت ہے آپ نے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ”سارا قرآن حضور ﷺ کا اخلاق ہے“ حضور نبی اکرم ﷺ کا کائنات میں ظہور پیکر بشری میں ہوا، اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کی ان بشری صفات پر اپنی صفات الوہیت کا رنگ چڑھا دیا تھا، اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی آیات اتاریں، ہر آیت میں اللہ تعالیٰ نے اپنی ایک صفت اتاری، جیسے جیسے آیات کا نزول ہوتا گیا حضور نبی اکرم ﷺ سے بشری اخلاق کا پرتو اترتا گیا اور اللہ تعالیٰ کی صفات کا رنگ چڑھتا گیا۔ فرح ناز نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اخلاق محمدی ﷺ کے ترغیب و فروغ کے مشن پر کاربند ہے۔ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ سوسائٹی کے تہذیبی، اخلاقی معیار خواتین کی تعلیم و تربیت کے مرہون منت ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا معاشرہ اعلیٰ اخلاقی اقدار پر استوار ہو جائے تو ہمیں سیرت النبی ﷺ،امہات المومنین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور اس کے لیے پڑھی لکھی خواتین کو گھر گھر اور گلی گلی جا کر اسوہ حسنہ کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 828335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش