0
Thursday 21 Nov 2019 22:42

عمران خان کا ٹرمپ کو ٹیلی فون، افغانستان میں مغربی ممالک کے شہریوں کی رہائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا

عمران خان کا ٹرمپ کو ٹیلی فون، افغانستان میں مغربی ممالک کے شہریوں کی رہائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اس دوران دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ٹرمپ سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی یرغمالیوں کی افغانستان میں رہائی مثبت پیشرفت ہے، پاکستان کو خوشی ہے کہ رہا ہونے والے مغربی یرغمالی محفوظ اور آزاد ہیں۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق اس موقع پر امریکی صدر نے اس معاملے پر پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبان نے اپنے تین قیدیوں کے بدلے 2 غیر ملکی پروفیسرز کو رہا کیا ہے، جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے اس عمل کو ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے افغان امن و مفاہمتی عمل میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا  اور دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے مشترکہ مقصد کے فروغ کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو بتایا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور ہوئے اب 100دن سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کے ساتھ مسلسل رابطوں کو سراہا اور امریکی صدر کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں سہولت کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
خبر کا کوڈ : 828368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش