0
Thursday 21 Nov 2019 23:38

وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر یوسف ٹھیلے والا کو گرفتار کرنیوالے دو پولیس افسران معطل

وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر یوسف ٹھیلے والا کو گرفتار کرنیوالے دو پولیس افسران معطل
اسلام ٹائمز۔ متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کو گرفتار کرنے والے دو پولیس افسران کو وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر معطل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے معتمد خاص انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ ایسٹ اور ایس ایچ او سولجر بازار کو ایم کیو ایم لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کی گرفتاری مہنگی پڑھ گئی۔ گرفتار ملزم کے 2 سال قبل رینجرز کی حراست میں وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق ویڈیو بیان نے بھی ہلچل مچا دی جس میں ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ مراد علی شاہ مجھ سے ملنے آئے تھے۔ اب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر ایس ایچ او سولجر بازار انسپکٹر جاوید سکندر اور ہیڈ کانسٹیبل عمران گجر کو معطل کردیا گیا ہے، تاہم اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ رینجرز کو گرفتاری پیش کئے جانے کے بعد یوسف عرف ٹھیلے والا 2 سال تک کہاں تھا اور ایسٹ زون پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد یوسف ٹھیلے والے کے جو کارنامے سامنے آئے ہیں کیا رینجرز حکام ان سے لاعلم تھے۔ مبینہ ٹارگٹ کلر کی گرفتاری کے بعد ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں اس بات کا بھی کوئی ذکر نہیں کیا گیا کہ یوسف ٹھیلے والا 2 سال قبل رینجرز کو گرفتاری پیش کر چکا ہے جبکہ پریس کانفرنس میں اس بات کا دعویٰ ضرور کیا گیا تھا کہ ملزم سال 1996ء میں رینجرز کے ہاتھوں پہلی بار گرفتار ہوا اور اگلے سال 1997ء میں ضمانت پر رہا ہوگیا، جبکہ ملزم یوسف ٹھیلے والا سال 1998ء میں دوبارہ مومن آباد پولیس کے ہاتھوں 2 افراد کے قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار ہوا اور سال 2003ء میں پیرول پر رہائی کے بعد سے مفرور تھا۔

اس پریس کانفرنس میں سب سے بڑا جھول یہ ہے کہ ایسٹ زون پولیس ملزم کی 1995ء میں ایم کیو ایم میں شمولیت کے بعد اس کے تمام کارناموں سے تو واقف ہوگئی لیکن حیرت انگیز طور پر انہیں اس بات کی خبر ہی نہیں ہوسکی کہ جس خطرناک ٹارگٹ کلر کے حوالے سے پریس کانفرنس کی جا رہی ہے وہ 2 سال قبل رینجرز کو گرفتاری پیش کر چکا ہے۔ مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والے نے گرفتاری کے دوران کیا پولیس سے یہ بات چھپائی تھی کہ وہ 2 سال تک کہاں تھا؟ یا پولیس نے اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کے لئے جان بوجھ کر مبینہ طور پر یہ بات چھپائی؟ تاہم صورتحال اب بھی یہی ہے کہ اس بات کا تعین کون کرے گا کہ یوسف ٹھیلے والا رینجرز کو گرفتاری پیش کرنے کے بعد سے اب تک کہاں تھا؟ اس حوالے سے بھی اب تک رینجرز حکام کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ یوسف ٹھیلے والا گرفتاری پیش کرنے کے بعد سے کہاں تھا۔
خبر کا کوڈ : 828378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب