QR CodeQR Code

بیرونی سرمایہ کاروں کا گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے، علی امین گنڈاپور

22 Nov 2019 10:57

وفاقی وزیر نے فرینچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کا شعبہ جی بی کے عوام کے لیے ایک بڑا ذریعہ معاش ہے جس میں سرمایہ کاری سے نہ صرف یہ شعبہ بے پناہ ترقی کرے گا بلکہ اس سے جی بی میں عام فرد کی زندگی بہتر کرنے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاحت کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فرینچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر فلیپ سٹینمٹذکی سربراہی میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اے ایف ڈی کے وفد نے وفاقی وزیر کو اے ایف ڈی کی پاکستان میں سرگرمیوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اے ایف ڈی کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان کا ادارہ گلگت بلتستان میں توانائی، پینے کے پانی، نکاسی آب اور قدرتی آفات سے محفوظ انفراسٹرکچر کے شعبے میں کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اے ایف ڈی کی جانب سے جی بی میں دیہی اور شہری ترقی سے متعلق تجویز کردہ منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اے ایف ڈی کے مثبت کردارکے باعث جی بی کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل سے نمٹنے میں زبر دست مدد ملے گی۔ انہوں نے اے ایف ڈی کے وفد کو جی بی میں سیاحت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کا شعبہ جی بی کے عوام کے لیے ایک بڑا ذریعہ معاش ہے جس میں سرمایہ کاری سے نہ صرف یہ شعبہ بے پناہ ترقی کرے گا بلکہ اس سے جی بی میں عام فرد کی زندگی بہتر کرنے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔


خبر کا کوڈ: 828392

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/828392/بیرونی-سرمایہ-کاروں-کا-گلگت-بلتستان-میں-کاری-کے-حوالے-سے-اعتماد-اضافہ-ہو-رہا-ہے-علی-امین-گنڈاپور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org