0
Saturday 23 Nov 2019 20:42
ڈاکٹر نقوی اور شہید حسینی کو قطب نما ماننے والے اتحاد کیلئے کردار ادا کریں، قاسم شمسی

قومی مسائل کا حل ولایت فقیہ کے پروکاروں کے اتحاد میں ہے، اتحاد ملت کانفرنس

اہل تسنن کیساتھ ساتھ آپسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، ناظر تقوی
قومی مسائل کا حل ولایت فقیہ کے پروکاروں کے اتحاد میں ہے، اتحاد ملت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے سابق مرکزی صدر ثاقب اکبر نقوی نے اتحاد ملت کیلئے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ملت کی تمام جماعتوں سے اس حوالے سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔ یوم القدس سمیت دیگر اہم ملی و قومی پروگرامات کے موقع پر اتحاد ملت کا عملی مظاہرہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملت تشیع پاکستان کو بڑے اہداف کے حصول کیلئے کوشش کرنی چاہیئے، کیونکہ ہمارا ہدف انسانی اور آفاقی ہے اور باہمی ایثار سے ہم اتحاد ملت کو حقیقی طور پر قائم کرسکتے ہیں۔ چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن سجاد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا اتحاد بین المسلمین کیساتھ ساتھ اتحاد ملت ناگزیر ہوچکا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں اگر ہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں باہم متحد ہونا ہوگا۔ آئمہ اطہار کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے باہم مل بیٹھیں اور یکجہتی و اتحاد کو فروغ دیں۔

شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر تقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ہمیشہ سے دنیا کی ضرورت رہی ہے۔ اتحاد و وحدت کیلئے اپنے نفس کو پیروں تلے کچلنا، منفی اقدمات اور خواہشات کو ترک کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ سے منفی کمنٹس سے بھی باہمی اختلافات پیدا ہو رہے ہیں، ہمیں شیعہ شناخت پر قتل کیا گیا، ٹارگٹ کلنگ کی گئی، یہ سب اس لئے ہوا کیونکہ ہم باہمی طور پر کمزور ہوگئے ہیں اور دشمن مضبوط ہوا۔ اتحاد ملت کیلئے تمام جماعتوں کی ملاقاتیں اور نشستیں ضروری ہیں، تاکہ ایک دوسرے کے احترام سے اختلافات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ ہم نے کراچی میں یوم القدس کے موقع پر اتحاد سے عملی مظاہرہ کیا، جس کی پورے ملک میں ضرورت ہے۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان قاسم شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ملت کانفرنس ملت میں موجود اختلافات کو کم کرنے میں مددگار اور وحدت کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت کے مسائل کا حل نظریہ ولایت فقیہ کے پیروکاروں کے باہمی اتحاد میں مضمر ہے، جب تک پاکستان میں موجود نظام ولایت سے منسلک تنظیمیں اور افراد باہم متحد نہیں ہوتے، ملت مسائل سے چھٹکارا نہیں پا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ملت کی تمام جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہیئے اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور قائد شہید کو اپنا قطب نما ماننے والے اتحاد وحدت کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔

مجلس وحدت مسلمین کے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اتحاد ملت کیلئے آئی ایس او پاکستتان کی خدمات قابل ستائش ہیں، اختلافات سے معاشرے میں نفرتیں پیدا ہوتی ہیں، اختلاف کو امام مہدی کے ظہور سے پہلے ختم نہیں کیا جا سکتا، لیکن دوریاں کم کرکے تعمیری سوچ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اتحاد ملت کیلئے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال میں چند ماہ بعد قائدین و علماء کرام ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرکے ملی و قومی مسائل کو زیر بحث لائیں۔ شیعہ علماء کونسل  کے حافظ مولانا کاظم رضا نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ علی عباس نقوی، علامہ اسد نقوی اور برادر بزرگ علی رضا نقوی نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر دعائے وحدت پڑھتے ہوئے علماء کرام نے ہاتھوں سے زنجیر بنا کر اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 828670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش