0
Sunday 24 Nov 2019 01:31

جے یو آئی (ف) کا 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

جے یو آئی (ف) کا 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا اور 26 نومبر کو اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری اورمولانا فضل الرحمان نے اے پی سی اور رہبر کمیٹی کو مزید فعال کرنے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ جے یو آئی (ف) کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے احسن اقبال سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اے پی سی کے حوالے سے گفتگو کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے کررہے ہیں اور 26 نومبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے پی سی بلانے کی تجویز اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی تھی۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 25 جولائی 2018ء کو ہونے والے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات پر وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے اور ملک میں فوری نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے 27 اکتوبر کو کراچی سے آزادی مارچ کا آغاز کیا تھا، جے یو آئی کا قافلہ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 31 اکتوبر کی رات اسلام آباد پہنچا تھا جہاں انہوں نے پشاور موڑ کے قریب ایچ نائن گراؤنڈ میں دھرنا دیا تھا۔

اسلام آباد میں 14 روز کے دھرنے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے 13 نومبر کو دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے شہروں کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد جے یو آئی کی جانب سے مختلف شہروں میں اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے گئے تاہم 19 نومبر کو اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ اب ضلعی سطح پر مشترکہ احتجاجی جلسے کیے جائیں گے اور احتجاج کا دائرہ کار ضلعی سطح پر ہوگا۔ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا سارا زور اب الیکشن کمیشن میں حکمران جماعت تحریک انصاف کیخلاف دائر فارن فنڈنگ کیس پر ہے۔ رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 828711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش