0
Sunday 24 Nov 2019 19:42
آئی ایس او کی مال روڈ پر آزادی کشمیر و استحکام پاکستان ریلی

کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، عارف حسین

کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، عارف حسین
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی آزادی کشمیر و استحکام پاکستان ریلی لاہور کی تاریخی مال روڈ پر نکالی گئی۔ ریلی ناصر باغ سے شروع ہوکر انارکلی چوک، جی پی او چوک، لاہور ہائیکورٹ سے ریگل چوک پہنچی، جہاں سے ریلی پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر نے کی۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز، پاکستانی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت کیخلاف اور کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کی حمایت میں شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی  والے بینرز اور پلے کارڈز پر بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونیوالے ظلم و ستم کیخلاف اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کے متعلق نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء نے بھارت کیخلاف اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جبکہ ریلی میں سابق مرکزی صدر آئی ایس او انصر مہدی، قاسم شمسی، علمائے کرام اور مختلف تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اقتصادی طور پر بھی پاکستان کی بقاء کشمیر کیساتھ وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم اور ظلم کا شکار ہیں۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں دیرپا امن ناممکنات میں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور حقوق عالم بشر کی دعویدار تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر خاموش ہیں، بھارتی ظلم و بربریت سے کبھی بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، ایک دن کشمیریوں کا بیگناہ خون بھارتی حکومت کو خش و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا اور کشمیری بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور نوجوان اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، تاکہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 828801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش