0
Sunday 24 Nov 2019 22:26

بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ پر قابو نہ پانا موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سراج الحق

بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ پر قابو نہ پانا موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی امنگوں کی ترجمان ہے، جو عوام کے مسائل کے حل کے لئے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ پر قابو نہ پانا موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل حل نہیں کرپا رہی ہے وہ اہم چیلنجز کا کیسے مقابلہ کرپائے گی؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ملتان کے موقع پر عوامی اتحاد گروپ کے صدر احسان علی مغل، محمد ندیم مغل، امجد مہتاب سے کی گئی ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے موقع پر عوامی اتحاد گروپ کے عہدیداران نے سراج الحق کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر احسان علی مغل نے سراج الحق کو بتایا کہ وہ غریب شہریوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے اپنی ذمہ داری کو پورا کر رہے ہیں، جس پر سراج الحق نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول سوسائٹی کا معاشرے کے غریب شہریوں کو تعلیم، صحت سمیت دیگر فلاحی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ہے جو بلاتفریق اور بے لوث خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نہ صر ف عوامی سطح پر بلکہ تعلیم، صحت، قدرتی آفات، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں عوام کو چاہیئے کہ وہ جماعت اسلامی کے باصلاحیت، دیانتدار اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنے قیمتی ووٹ کی سپورٹ سے ایوانوں میں لائے تاکہ وہ ان کے مسائل کو حقیقی معنوں میں حل کرسکیں، کیونکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔
خبر کا کوڈ : 828826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش