1
0
Monday 25 Nov 2019 18:58
چند روشن خیال اور لبرل طلباء کا گروپ اپنے مذموم مقاصد کیلئے طلباء یونین کا سہارا لے رہا ہے

متحدہ طلبہ محاذ نے 29 نومبر کو لاہور میں ہونیوالے ’’طلبہ مارچ‘‘ سے اعلان لاتعلقی کر دیا

حکومت متنازع طلبہ محاذ کو روکے بصورت دیگر ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے، معظم شہزاد ساہی
متحدہ طلبہ محاذ نے 29 نومبر کو لاہور میں ہونیوالے ’’طلبہ مارچ‘‘ سے اعلان لاتعلقی کر دیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ طلباء محاذ کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی اور دیگر عہدیداروں محمد حسنین مصطفائی، غفران سرور، مبشر حسین، عامر اسماعیل نے اسٹوڈنٹ سیکرٹریٹ لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 29 نومبر کو لاہور میں ہونیوالے طلباء مارچ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چند روشن خیال اور لبرل طلباء کا گروپ اپنے پس پردہ مذموم مقاصد کیلئے طلباء یونین کا سہارا لے رہا ہے، آزاد پاکستان اور آزاد تعلیمی اداروں کا نعرہ لگانیوالے کسی صورت طلباء کی حقیقی نمائندے نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء سرخ کا نعرہ اب قصہ پارینہ بن چکا ہے، چالیس سال بعد بوسیدہ نعروں کو بلند کرکے جامعات میں بین الاقوامی روشن خیالی اور فحاشی و عریانی کا کلچر پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف شہروں سے شدت پسند، علاقائی اور صوبائی تعصب رکھنے والے متشدد گروہوں کو لاہور اکٹھا کیا جا رہا ہے، طلباء یونینز کا مقصد ماضی میں طلباء کیلئے سہولت کیلئے کام کرنا اور انہیں مثبت سرگرمیوں کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا میوزیکل نائٹس اور رنگارنگ ثقافتی کلچر نائٹس کے نام پر تعلیمی اداروں میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قبول نہیں، ملک بھر کی طلباء تنظیمات اس نفرت انگیز اور عیاش طلباء کے مارچ سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہیں۔ پاکستان کے تعلیمی ادارے اسلام پسندوں کے حقیقی قلعے ہیں، جو عشق مصطفیٰ کے چراغوں سے روشن ہونگے۔ انجمن طلباء اسلام بطور فاتح آخری طلباء یونین انتخابات کا دفاع کریگی، طلباء یونین کے انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اٹھارہویں آئینی ترمیم کے اختیارات استعمال کرکے یونین انتخابات کا ٹائم فریم دے، وزارت اعلیٰ تعلیم پنجاب تمام طلباء تنظیمات کو بلا کر متفقہ اور موثر میکانزم بنا کر انتخابات منعقد کروائے، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء یونین کا سٹیک ہولڈر گروپ اپنے ڈونرز کی خوشنودی کیلئے طلباء کو ڈی ٹریک کرنے کی سازش کر رہا ہے، جسے طلباء برادری مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے ریاستی اداروں اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مخصوص ایجنڈے پر ہونیوالے طلباء مارچ کو روکیں، وگرنہ متحدہ طلباء محاذ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرکے اسے بزورقوت روکے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 828983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
مشترکات کی بنیاد پر طلباء کو متحد ہونا چاہیئے، ورنہ انہیں حقوقِ نہیں ملیں گے۔
ہماری پیشکش