0
Monday 25 Nov 2019 19:46

شیل تیل و گیس کی تلاش اگلے ماہ شروع، قیمت 16 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تجویز

شیل تیل و گیس کی تلاش اگلے ماہ شروع، قیمت 16 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تجویز
اسلام ٹائمز۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ملک میں شیل تیل و گیس کی دریافت کیلئے آئندہ ماہ سے شروع کئے جانے والے پائلٹ منصوبہ کیلئے 16 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت مقرر کرنے کے ساتھ درکار مشینری کی درآمد پر ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کی بھی تجویز دی ہے۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق تیل و گیس دریافت کرنے والی حکومتی اجارہ دار کمپنی نے وفاقی حکومت سے سندھ میں آزمائشی کنوئیں کھودنے کیلئے شیل تیل و گیس کی قیمت 16 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ تیل و گیس کی دریافت کیلئے درکار مشینری کیلئے ٹیکسوں میں چھوٹ بھی طلب کی ہے تاکہ ملک میں تیل و گیس کے ذخائر کو پورا کیا جاسکے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے گزشتہ 6 ماہ سے تیل و گیس کی تلاش کیلئے وزارت دفاع سے 42 بلاکس کی بولی کیلئے اجازت نامہ نہ ملنے کے باعث دیگر آپشنز پر غور شروع کردیا ہے جس میں شیل تیل و گیس کے آزمائشی کنوئیں کھودنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

واضح رہے کہ ای اینڈ پی پالیسی 2012ء کے مطابق قدرتی گیس اور تیل کی تلاش کیلئے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو 3 سے 5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت آفر کی جاتی ہے۔ تیل و گیس کے شعبہ کے ماہرین کے مطابق سال 2000ء کے بعد حکومتی و نجی شعبہ میں تیل و گیس کی دریافت میں کوئی بڑی دریافت نہیں ہوئی ہے اور ملک میں گیس کی پیداوار صرف 4 ارب مکعب فٹ یومیہ تک محدود رہ گئی ہے جبکہ گیس کی یومیہ کھپت 6 ارب مکعب فٹ ہے، طلب و رسد میں یہ فرق درآمدی ایل این جی سے پورا کیا جاتا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کی طرف سے ایک غیر ملکی کمپنی کی طرف سے کرائی گئی اسٹڈی کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقوں میں شیل اور ٹائٹ گیس کے وسیع ذخائر ہیں جس میں تلہار، سیمبر اور چلتن فیلڈ ز قابل ذکر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 828991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش