0
Monday 4 Jul 2011 20:27

میانوالی،بجلی بحران کے خلاف مظاہرہ کرنیوالوں پر پولیس کا تشدد، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

میانوالی،بجلی بحران کے خلاف مظاہرہ کرنیوالوں پر پولیس کا تشدد، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ میانوالی میں بجلی کے بحران کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد اور پولیس میں خونریز تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تحریک حقوق میانوالی نامی تنظیم کی جانب سے احتجاجی کال کے بعد مظاہرین نے جمع ہو کر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ مظاہرین کی جانب سے نیوکلیئر پلانٹ کی جانب مارچ کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو سرگودھا موڑ پر تعینات کر دیا گیا، جہاں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، جبکہ اس دوران پولیس کی فائرنگ اور شیلنگ سے 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کی وجہ سے ڈی سی او بھی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ مظاہرین نے پولیس کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی ہے۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ میانوالی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے اور میانوالی کے رہائشیوں کو چشمہ پاور پلانٹ میں ملازمتوں کا کوٹہ بھی دیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے، جس پر لوگوں میں اشتعال پیدا ہوا۔
میانوالی سے نمائندہ اسلام ٹائمز کے مطابق علاقے کی حساس نوعیت کے سبب چشمہ میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 82902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش