0
Tuesday 26 Nov 2019 16:28

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے امریکہ کے سفیر پال جونز نے ملاقات کی ہے جس میں  باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوقائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔قائداعظمؒ کے پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔وزیراعظم عمران خان بانی پاکستان جناح ؒ کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان تعمیر کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان جہاں سب کیلئے یکساں انصاف ہو، تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں ہوں ،وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت متوازن حکمت عملی کے ذریعے نئے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کر ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ کو پورے پنجاب میں توسیع دی گئی ہے، پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کی موثر پالیسی اپنائی گئی ہے اور ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے نئی یونیورسٹیاں بنا رہے ہیں،عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کیلئے 9 نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، ان ہسپتالوں کی تعمیر سے 9 ہزار بستروں کا اضافہ ہوگا۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز بنائیں گے، 6 سپیشل اکنامک زونز کو وفاق کی حکومت نے منظور کر لیا ہے، 4 سپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے جبکہ پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کررہی ہے، صوبے میں 9 انکوبیشن سنٹرز بنائے جائیں اسطرح  نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے، صوبے میں سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں، پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج دیا گیا ہے، جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کیلئے مختص ترقیاتی فنڈز کو کسی دوسرے شہر یا منصوبے کیلئے منتقل نہیں کیا جا سکے گا، جنوبی پنجاب میں چھوٹے ڈیمز بنانے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کرائی جا رہی ہے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کیساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ امریکی سفیر کی کرتارپور راہداری کھولنے پر حکومت کو مبارکباد  دی، تحریک ا نصاف کی حکومت نے کرتارپور راہداری کھول کر دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا ہے۔ امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگیز اورپولیٹیکل و اکنامک چیف بیری جنکربھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 829103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش