QR CodeQR Code

آئی جی سے شیعہ سنی علماء کی ملاقات، بہترین سکیورٹی انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا

27 Nov 2019 09:00

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے اور عوامی خدمت اور حفاظت کے مشن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی اعتماد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے شیعہ سنی علماء اور امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے اور عوامی خدمت اور حفاظت کے مشن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی اعتماد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی بروقت کاروائیوں اور علمائے کرام کی بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں کی بدولت صوبے سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان میں وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ وفد میں علامہ شکیل رحمان ناصر، علامہ حافظ محمد کاظم رضا نقوی، علامہ محمد زبیر ورک، مفتی سید عاشق حسین، علامہ حافظ سمیع اللہ اور رانا عبدالمنان سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

علمائے کرام کے وفد نے اہم مذہبی تہواروں بالخصوص جشن عید میلاد النبی(ص) اور محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلا ع میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے پر آئی جی پنجاب کی قیادت اور پنجاب پولیس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی جانفشانی کی بدولت معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار ہے جس پر وہ تہہ دل سے پنجاب پولیس کے افسران واہلکاروں کی کوششوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب پولیس مذہبی اور قو می تہواروں کے علاوہ روٹین میں بھی عوام کی جان ومال کے تحفظ کے فرائض جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہے جس کی بدولت رواں برس صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جو پنجاب پولیس کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علمائے کرام کے وفد نے صوبے کے تمام شہروں میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے پر آئی جی پنجاب کو شیلڈ بھی پیش کی جبکہ اس موقع پر پنجاب پولیس کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی طور پر فاتحہ خوانی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 829207

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/829207/ا-ئی-جی-سے-شیعہ-سنی-علماء-کی-ملاقات-بہترین-سکیورٹی-انتظامات-پر-خراج-تحسین-پیش-کیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org