0
Wednesday 27 Nov 2019 19:04

تعلیم کو ہی ترجیح دینے والی قومیں ترقی کرتی ہیں، خرم نواز گنڈا پور

تعلیم کو ہی ترجیح دینے والی قومیں ترقی کرتی ہیں، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر یکم دسمبر کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقد ہونیوالے قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دنیا میں اسی قوم نے ترقی کی جس نے تعلیم کو ترجیح دی، جن اقوام نے تعلیم کو اہمیت دی وہی آج فخر کیساتھ سر اُٹھانے کے قابل ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فروغ عشق رسول ﷺ،طلبہ کے حقوق اور ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، پاکستان بنانے کیلئے طلبہ نے بے شمار قربانیاں دیں، استحکام پاکستان کیلئے بھی طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی 25 سالہ جدوجہد امن، محبت اور علم کیلئے ہے، تعلیمی بجٹ میں اضافے اور یکساں تعلیمی نظام سے پاکستان کو تعلیمی پسماندگی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو 7 دہائیوں سے تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو نہیں پایا جا سکا۔


خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو قومیں طلبہ کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں انکا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، راجہ ندیم، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، ضلج انقلابی، فراز ہاشمی، اخلاق حسین، پروگرام کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سمیت طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

چودھری عرفان یوسف نے خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماءوں کو قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی طلبہ کنونشن میں ملک بھر کی اہم یونیورسٹیز اور کالجز کے 10 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کرینگے۔ طلبہ رہنماوں کو کنونشن میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنونشن میں اہم علمی، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تحریک منہاج القرآن کے رہنما، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابق صدور، ناظمین و دیگر عہدیداران بھی قومی طلبہ کنونشن میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیم کے فروغ اور طلبہ حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے، سلور جوبلی تقریب کے موقع پر منعقد ہونیوالا قومی طلبہ کنونشن فروغ تعلیم اور طلبہ کے حقوق کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، قومی طلبہ کنونشن میں اہم مطالبات پیش کرینگے، اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور اور جواد حامد نے قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دیں۔

دریں اثنا منہاج القرآن یوتھ لیگ کا 31 واں یوم تاسیس 30نومبر کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائیگا لاہور، اسلام آباد، ملتان، سکھر، رحیم یار خان سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے سیمینارز منعقد کئے جائینگے۔ مرکزی تقریب 30 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ خرم نواز گنڈا پور، مظہر محمود علوی، قاضی شفیق سمیت اہم شخصیات تقریبات میں شرکت کرینگی۔ تقریبات کا مقصد نئی نسل کو کتاب دوستی کی طرف راغب کرنا اور کتب بینی کیلئے لوگوں کی کتب تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 829209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش