QR CodeQR Code

اپیلیٹ کورٹ جی بی میں میرٹ کی پامالی کیخلاف آواز اٹھانا عوام کا بنیادی حق ہے، عوامی ایکشن کمیٹی

27 Nov 2019 11:40

اے اے سی کے اجلاس میں کہا گیا کہ اپیلیٹ کورٹ میں مزید کئی مقامی ملازمین کو چارج شیٹ کے ذریعے ملازمت سے برطرف کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، اگر ایک بھی لوکل ملازم کو نوکری سے برطرف کیا گیا تو جی بی بھر میں شدید احتجاجی سلسلے کا آغاز کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی جی بی نے کہا ہے کہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان میں اقرباء پروری اور میرٹ کی پامالی کیخلاف آواز اٹھانا ملازمین اور گلگت بلتستان کے عوام کا بنیادی حق ہے، اپیلیٹ کورٹ میں مزید کئی مقامی ملازمین کو چارج شیٹ کے ذریعے ملازمت سے برطرف کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، اگر ایک بھی لوکل ملازم کو نوکری سے برطرف کیا گیا تو جی بی بھر میں شدید احتجاجی سلسلے کا آغاز کیا جائے گا۔ اے اے سی کا اجلاس گلگت میں ہوا جس میں مقامی ملازمین کے مسائل اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ سپریم اپیلٹ کورٹ میں ایک طرف سے غیر ڈومیسائل ہولڈر ملازمین کی بھرمار ہے تو دوسری طرف آئے روز لوکل ملازمین کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ نئی قانون سازی کے ذریعے سے اس ادارے کیلئے قوانین وضع کئے جائیں اور ملازمتوں میں لوکل ملازمین کو ترجیح دی جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ درجنوں لوکل ملازمین کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنا جی بی کے ملازمین میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش ہے، ایسے عناصر کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ادارے کا ساکھ بری طرح مجروح ہوگا۔ اجلاس میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا مینڈیٹ گلگت بلتستان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، سپریم اپیلٹ کورٹ میں چند آفیسرز اپنے انتقام کی آگ میں لوکل چھوٹے ملازمین کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 829238

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/829238/اپیلیٹ-کورٹ-جی-بی-میں-میرٹ-کی-پامالی-کیخلاف-ا-واز-اٹھانا-عوام-کا-بنیادی-حق-ہے-عوامی-ایکشن-کمیٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org