QR CodeQR Code

عدالتوں کو طاقتور کو نہ پکڑنے کا طعنہ دینے والے بھگوڑے جرنیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں، سراج الحق

28 Nov 2019 12:33

منصورہ لاہور میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور ملتان کے امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار مجروح کردیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں ضلعی امراء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں کو طاقتور کو نہ پکڑنے کا طعنہ دینے والے خود ایک بھگوڑے جرنیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں، ملکی تاریخ کے 72 سال میں آئین اور اداروں کے ساتھ ایسے مذاق اور ظلم کی مثال نہیں ملتی، جو موجودہ حکومت کر رہی ہے، حکومت کی نالائقی روز اول سے واضح تھی مگر آج دن بھر ہونے والے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ یہ مہا نالائق ہیں، حکمرانوں نے اپنے ساتھ اداروں کا تاثر بھی بری مجروح کیا ہے، ملک و قوم کی باگ ڈور ایسے غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھوں میں ہونا افسوسناک ہے۔ منصورہ لاہور میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور ملتان کے امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار مجروح کردیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو بچانے کی کوشش میں حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹنے والی ہیں، جمہوریت اور آئین و قانون کی حکمرانی عوام کا مطالبہ ہے، موجودہ حکومت میں کرپشن کے گراف میں اضافہ ہواہے، حکومت کی تمام پالیسیاں فیل ہوگئی ہیں اور جائز کاموں کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف قومی مجرم ہے جس نے ملک کو امریکا کی کالونی بنایا اور دستور پاکستان کی تضحیک کی مگر آج حکومت اس ڈکٹیٹر کے کندھے کے ساتھ کندھا لگا کرکھڑی ہے اور عدالتوں کو طاقتور کونہ پکڑنے کا طعنہ دینے والے خود ایک بھگوڑے جرنیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر سیاسی اسموگ اور فوگ کی یہی صورتحال رہی تو ڈر ہے کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک پہلے ہی مشکلات میں گھرا ہوا تھا لیکن حکمرانوں کی نااہلی اور غیر سنجیدگی اسے ہر روز نئے بحرانوں سے دوچار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے، اداروں کے درمیان ٹکرائو کسی صورت بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بے روزگاری کی شرح میں 9.1 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ حکومت صرف دفتر تک محدود ہوکر رہ گئی، نئے اسپتال بن رہے ہیں نہ تعلیمی اداروں کی طرف کوئی توجہ دی جارہی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام سے رات کی نیند اور دن کا سکون چھین لیاہے، لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں، نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں نے گھیر لیاہے، لوگ ڈیپریشن اور ذہنی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 15 ماہ میں حکومت نے8 بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا، حکومت نے غریب صارفین پر 14 ارب روپے کا اضافی بوجھ لاددیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ہر ماہ عوام پر آسمانی بجلی گرا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 829453

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/829453/عدالتوں-کو-طاقتور-نہ-پکڑنے-کا-طعنہ-دینے-والے-بھگوڑے-جرنیل-کے-ساتھ-کھڑے-ہو-گئے-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org