0
Thursday 28 Nov 2019 13:09

وزیراعلٰی جی بی اور وزراء سرکاری گاڑیوں پر مستقل قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کا انکشاف

وزیراعلٰی جی بی اور وزراء سرکاری گاڑیوں پر مستقل قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلٰی جی بی اور وزاء بل کے ذریعے سرکاری گاڑیوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ہم وزیراعلٰی اور وزراء کے لئے گاڑیوں کی فراہمی کے بل کی کسی صورت حمایت نہیں کرینگے۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور وزراء زندگی کا پہلا اور آخری چانس سمجھ کر جی بی کے خزانے کو لوٹنا چاہتے ہیں، ہم جی بی کے خزانے کو لوٹنے کی اس منصوبہ بندی کو ناکام بنا دینگے۔ گاڑیوں کی الاٹمنٹ کے بل سے ذاتی طور پر مجھے بھی فائدہ ہوگا مگر میں اپنے ذاتی فائدے کے لئے قومی خزانے کو نقصان نہیں دینا چاہتا۔ اپنے ایک بیان میں محمد شفیع خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی اور وزراء نے لگژری گاڑیاں خریدی ہوئی ہیں اور اب جاتے ہوئے وہ ان گاڑیوں کو گھر لے جانا چاہتے ہیں۔ ہم وزیراعلٰی اور اس کی کرپٹ ٹیم کو کسی صورت سرکاری گاڑیاں گھر لے جانے نہیں دینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تو بل ان کے منہ پر دے مارینگے۔ انہوں نے کہا ہے وزیراعلٰی اور حکومتی وزراء پورے پانچ کم لوٹ چکے ہیں، جو اب سرکاری گاڑیوں کو گھر لے جانے کی ڈپلومیسی کر رہے ہیں، ایسا کسی صورت ہونے نہیں دینگے۔ وزیراعلٰی اور وزراء نے گلگت بلتستان کے خزانے کو خالہ جی کا گھر سمجھا ہوا ہے، اگر یہ وزراء سرکاری گاڑیوں کو جاتے جاتے گھر لے جانا چاہتے ہیں تو اس سے اندازہ کریں کہ 5 سال میں ان لوگوں نے کتنا لوٹا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو حرکت میں آنا چاہیئے کہ وہ وزیراعلٰی اور وزراء کی اس چوری کو روکنے کے لئے قبل از وقت کوششیں کریں۔
خبر کا کوڈ : 829500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش