0
Friday 29 Nov 2019 23:07

چیف کورٹ جی بی، تین اراکین اسمبلی سمیت چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون کو توہین عدالت کا نوٹس

چیف کورٹ جی بی، تین اراکین اسمبلی سمیت چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون کو توہین عدالت کا نوٹس
اسلام ٹائمز۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کنٹریکٹ پراسکیوٹرز کو مستقل کرنے کے بل کیخلاف دائر درخواست پر چیف کورٹ گلگت بلتستان نے صوبائی وزیر رانا فرمان ولی، رکن اسمبلی راجہ جہانزیب، نسرین بانو، چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون اور دیگر فریقین کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ گلگت بلتستان میں کنٹریکٹ پر پراسکیوٹرز، ڈپٹی پراسکیوٹرز اور ڈسٹرکٹ اٹارنیز بھرتی کیے گئے تھے جس کیخلاف وکلاء چیف کورٹ گئے اور ایف پی ایس سی کے تحت بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔ وکلاء کی درخواست کو چیف کورٹ نے منظور کرتے ہوئے متعلقہ اسامیوں کو ایف پی ایس سی کے ذریعے ریگولر کرنے کا حکم دیا۔ کنٹریکٹ ملازمین نے اس فیصلے کو سپریم اپیلیٹ کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اپیلیٹ کورٹ نے بھی چیف کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ بعد میں اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی نے پراسکیوٹر ایکٹ میں سیکشن پانچ کا اضافہ کرتے ہوئے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا شق شامل کر دیا جس کو اسمبلی میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ جس کیخلاف وکلاء ایک بار پھر عدالت گئے اور توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

درخواست گزاروں کے مطابق  عدالتی حکم کے باؤجود کنٹریکٹ پراسکیوٹرز کو مستقل کرنے کی سفارش توہین عدالت ہے، کیونکہ عدالت نے پہلے ہی فیصلہ دیا ہوا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ایف پی ایس سی کے ذریعے ہی مستقل کیا جائے۔ بار کی درخواست کو عدالت نے قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سلیکٹ کمیٹی کے ممبران صوبائی وزیر رانا فرمان ولی، راجہ جہانزیب، نسرین بانو، چیف سیکرٹری خرم آغا، سیکرٹری ہوم جواد اکرم، سیکرٹری اسمبلی، سیکرٹری قانون، سیکرٹری سروسز کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیئے۔ قانونی ماہرین مطابق کسی بھی ایکٹ کو منظوری کیلئے متعلقہ محکمہ پہلے کابینہ کو بھیجتا ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش کیا جاتا ہے۔ لیکن سلیکٹ کمیٹی نے کابینہ سے منظوری لینے کی بجائے ڈائریکٹ اسمبلی میں پیش کرنے کی سفارش کی تھی۔ واضح رہے کہ یہ درخواست ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن گلگت بلتستان، ڈسٹرکٹ بار دیامر اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گلگت کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 829771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش