0
Saturday 30 Nov 2019 10:59

آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے معاملے میں حکومت نے فوج کا تقدس پامال کیا، سراج الحق

آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے معاملے میں حکومت نے فوج کا تقدس پامال کیا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے میانوالی میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم بن کر عمران خان کے ارمان پورے ہوگئے، مگر عوام کے ارمانوں کا خون ہوا، ۔عمران خان کے حلقہ میں لوگ اب بھی جوہڑوں کا پانی پی رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے معاملے میں حکومت نے فوج کا تقدس پامال کیا۔22 انہوں نے کہا کہ دسمبر کا اسلام آباد میں کشمیر مارچ موجودہ حکمرانوں اور مودی کے خلاف ہوگا، ہم کشمیر کی طرف لانگ مارچ سے پہلے اتمام حجت کیلئے حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے حکومت کو دستور پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کا حکم دیں۔

انکا کہنا تھا کہ اگر سود کا خاتمہ ہو جائے تو پاکستان عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کی غلامی سے آزاد ہو جائے گا اور ملک پر چھائی ہوئی نحوست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔ جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 116 دن سے کشمیر میں بدترین کرفیو ہے، کشمیری 13واں جمعہ بھی مساجد میں ادا نہیں کرسکے، تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور ہسپتال بند ہیں، لوگ گھروں میں محصور اور محبوس ہیں، مگر کشمیر میں ہونے والے ظلم اور مسلم کشی پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ہمارے حکمران بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک حکمران اللہ کے نظام سے بغاوت کا رویہ نہیں چھوڑتے، ملک مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک وسیع تر اسلامی انقلاب کے لیے اٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دل پتھر سے بھی زیادہ سخت ہیں، عام آدمی کی حالت انتہائی قابل رحم ہے، کوئی غریب کی بات سننے کو تیار نہیں، حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے، لوگ مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں، بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہواہے، اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت ضلع میانوالی عبدالوہاب خان نیازی، ضلعی سیکرٹری عبدالرحمن فاروق، نائب امیر ضلع حبیب اللہ خان، ضلعی سیکرٹری اطلاعات عنایت اللہ کامران نے بھی معززین و عمائدین کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 829847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش