QR CodeQR Code

پاراچنار میں طلبہ یکجہتی مارچ کی حمایت میں مظاہرہ

30 Nov 2019 23:07

این ایس ایف رہنماء عرفان حیدر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے نام پر طلباء کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور تمام اسیر طلباء رہا کیا جائے، مرکزی رہنماء مجاہد طوری نے کہا کہ طلباء کو لسانی مذہبی اور صوبائی بنیادوں پر تقسیم کرنا بند کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں طلبہ یکجہتی مارچ کی مناسبت سے طلبہ رہنماؤں نے مظاہرہ کیا، مظاہرین نے طلبہ یونین کو بحال کرنے اور نرسری سے یونیورسٹی تک مفت تعلیم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ طلبا یکجتی مارچ کی مناسبت سے نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان پاراچنار یونٹ کے زیر اہتمام پاراچنار پریس کلب کے سامنے طلبا یکجہتی کے حوالے سے ایک علامتی مظاہرہ ہوا، جس میں طلبہ تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر این ایس ایف پاراچنار یونٹ کے آرگنائزر حسنین اور این ایس ایف رہنماء ذیشان حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں طلبا یونین کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اس لئے طلباء یونین کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بجٹ کٹوتیاں واپس کی جائیں۔ مظاہرین سے طلبہ رہنماء سہیل زمان نے کہا کہ نرسری سے لیکر یونیورسٹی لیول تک مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور حالیہ فیسوں میں اضافے کو ہنگامی بنیادوں پر واپس لیا جائے۔

این ایس ایف رہنماء عرفان حیدر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے نام پر طلباء کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور تمام اسیر طلباء رہا کیا جائے، مرکزی رہنماء مجاہد طوری نے کہا کہ طلباء کو لسانی مذہبی اور صوبائی بنیادوں پر تقسیم کرنا بند کیا جائے، انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان کے طلباء کی یکجہتی نے ثابت کیا کہ تمام طلباء متحد ہیں اور طلباء یونین بحال کرانے کے مطالبے میں سنجیدہ ہیں۔ طلباء ہی ہیں جو پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال سکتے ہیں، ٹرائبل یونین موومنٹ کے سید جمشید شیرازی کا کہنا تھا کہ طلباء کی یکجہتی کے موقع پر ہم پورے پاکستان کے طلبا کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ کامیابی ہی ہمارا مقدر ہے۔


خبر کا کوڈ: 830002

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830002/پاراچنار-میں-طلبہ-یکجہتی-مارچ-کی-حمایت-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org