0
Sunday 1 Dec 2019 18:48
تعلیمی اداروں میں سیکولر ازم کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے

سرخ سویرا کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد ہوں گے، صاحبزادہ حامد رضا

سرخ سویرا کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد ہوں گے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طلباء کی نظریاتی و سیاسی تربیت کیلئے طلباء یونینز کی بحالی ضروری ہے، اسلام پسند طلباء تعلیمی اداروں میں سیکولر ازم کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے، بیرونی ایجنڈے کے تحت طلباء کو دین بیزار بنایا جا رہا ہے، سرخ نہیں سبز سویرا پاکستان کا مقدر بنے گا، اسلام اور پاکستان دشمن بیرونی قوتیں طلباء کو اپنے ناپاک مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلباء برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے، فیسوں میں اضافہ تعلیم دشمنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں اے ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات عامر اسماعیل اور دوسرے عہدیداران شامل تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اے ٹی آئی نے طلباء میں فروغ عشق رسول کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ فارن فنڈڈ این جی اوز نے طلباء یکجہتی مارچ کے نام پر پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستانی معاشرے میں کیمونزم اور سیکولر ازم کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرخ سویرا کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد ہوں گے، طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ہونا چاہئے، غریب اور امیر طلباء کو یکساں تعلیمی سہولتوں کیساتھ ایک ہی نصاب ملک بھر میں پڑھانا ہو گا، ایچی سن کالج اور ٹاٹ سکول کا فرق ختم کیا جائے، طلباء سیاست میں بیرونی سیاسی مداخلت فساد کا سبب بنتی ہے۔ حکومت طلباءکے جمہوری حقوق کا احترام کرتے ہوئے طلباءیونینز کے انتخابات کا اعلان کرے۔ اے ٹی آئی طلباءکے دلوں میں عشق رسول کے چراغ روشن کر رہی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 830136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش