0
Sunday 1 Dec 2019 22:01

حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز میں بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے، رخسانہ انور 

حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز میں بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے، رخسانہ انور 
اسلام ٹائمز۔ نیشنل پروگرام ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن پنجاب کی صدر رخسانہ انور، ضلعی صدر شازیہ ارشد، جنرل سیکریٹری یاسمین ناز، نائب صدر شاکر عباس، سینئر نائب صدر عبدالقدیر، رابطہ سیکریٹری رابعہ بصری نے پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن (پرائم گروپ ) نشتر کے جنرل سیکریٹری مہر اشرف ساقی، عرفان حیدر شمسی، مصور نقوی ودیگر کے ہمراہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پروگرام کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار شاہ کی لیڈی ہیلتھ ورکرز دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز میں بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے جنہوں نے ان کی برطرفی کرکے انتہائی غلط قدم اٹھایا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سمیت خانیوال کی لیڈی ہیلتھ ورکر شمشاد اختر، بہاولنگر کی لیڈی ہیلتھ ورکر سمیرا ارشد، پاکپتن کے ڈرائیور محمد اکرام کو فی الفور ان کی ملازمتوں پر ایک ہفتہ کے اندر بحال نہ کیا گیا تو ملتان سمیت صوبہ بھر کی لیڈی ہیلتھ ورکرز راست اقدام پر مجبور ہوجائیں گی، 16دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کا بھی مکمل طور پر بائیکاٹ کیاجائے گا جبکہ 9دسمبر کو تحصیل و ضلع کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، اس کے ساتھ ساتھ دس دسمبر سے رپورٹنگ، ٹریننگ، ڈینگی ورک، ڈلیوری ٹارگٹ سمیت دیگر کاموں کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلم لیگ (ن) سے بھی زیادہ دشمن ثابت ہوئی ہے، جس نے عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کے ساتھ بھی دشمن کش پالیسیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، صوبائی وزیر ہیلتھ یاسمین راشد کرپٹ ہیلتھ افسران کی سرپرستی کر رہی ہیں، ان کو فی الفور ان کے عہدے سے فارغ کیا جائے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وزراء، مشیروں کی غلط پالیسیوں اور ناروا رویوں نے سرکاری ملازمین کا جینا محال کر دیا ہے وہ اس سلسلے میں سنجیدگی سے نوٹس لیں، جب تک پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار شاہ کو ان کے عہدے سے فارغ نہیں کیا جاتا اور ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں وہ احتجاج پر رہیں گی، اس موقع پر پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن (پرائم گروپ ) نشتر کے جنرل سیکریٹری مہر اشرف ساقی نے کہا کہ نیشنل پروگرام ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات ہیں اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ ان کی احتجاجی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 830155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش