QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وفاقی حکومت مشکل میں ہے، اسی لئے اتحادیوں سے رابطے کررہی ہے، سعید غنی

1 Dec 2019 22:22

اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے لئے 162 ارب روپے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک 62 روپے بھی نہیں دیئے، حکومت نے 162 ارب روپے جو رکھے تھے وہ مختلف کمیٹیاں بنانے کا بہانہ تھا، بلدیاتی نظام صوبہ سندھ میں وہ ہوگا جس کی منظوری صوبائی اسمبلی دے گی


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومت مشکل میں پھنس گئی ہے جس کی وجہ سے اب وہ اتحادیوں سے رابطے کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اتحادیوں کے پیچھے بھاگ رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے حکومت کو آئینی ترمیم کا کہہ دیا ہے اور حکومت اس وقت مشکل میں پھنسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کراچی میں اتحادیوں کو ہی اکٹھا کرنے آئے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے لئے 162 ارب روپے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک 62 روپے بھی نہیں دیئے، حکومت نے 162 ارب روپے جو رکھے تھے وہ مختلف کمیٹیاں بنانے کا بہانہ تھا۔ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی نظام صوبہ سندھ میں وہ ہوگا جس کی منظوری صوبائی اسمبلی دے گی، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کے لئے متبادل گھروں کا انتظام کریں اور پھر تجاوزات کا عمل شروع کریں۔

دادو میں بچی کی ہلاکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دادو میں بچی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے اور قبر کشائی کرکے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا تاہم قتل کیس میں 2 لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بچی کے والد اور مولوی کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس کوشش کر رہی ہے کہ واقعہ کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج مل جائے۔ کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے گاڑی کو پہچاننے کی کوشش کر رہی ہے اور جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس سے بھی تفتیش ہو رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 830159

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830159/سپریم-کورٹ-کے-حکم-بعد-وفاقی-حکومت-مشکل-میں-ہے-اسی-لئے-اتحادیوں-سے-رابطے-کررہی-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org