QR CodeQR Code

دنیا میں اسوقت بڑا مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی کا ہے مگر ہمارے ملک میں اس کا اندازہ نہیں ہے، میئر کراچی

1 Dec 2019 22:46

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے ممبران اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنے وسائل میں کوشش کر رہی ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور پارک تعمیر ہوں، کڈنی ہل احمد علی پارک 1962ء میں بلدیہ کراچی کے حوالے ہوا تھا مگر انکروچمنٹ کی وجہ سے یہاں پارک تعمیر نہیں ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی کا ہے مگر ہمارے ملک میں اس کا اندازہ نہیں ہے، پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران اس مسئلے کو اٹھایا تو لوگوں کو اس کی اہمیت کا اندازہ ہوا، اس وقت کراچی دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والا خطہ ہے، خواہ وہ سمندر میں سیوریج کی آلودگی ہو یا شہر میں گندگی کی وجہ سے فضائی آلودگی اس میں ہم سب سے آگے ہیں، اس پر اگر قابو نہ پایا تو اس کے بہت زیادہ نقصانات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کڈنی ہل پارک میں قطر کے ڈپٹی قونصل جنرل ناصر حامد  ایچ ایچ الخلیفی کے ہمراہ پودا لگانے کے بعد پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے ممبران اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پی ایم اے کی جانب سے کڈنی ہل پارک پر ممبران کے لئے سٹیزن واک کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن اور پی ایم اے کے عہدیداروں بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنے وسائل میں کوشش کر رہی ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور پارک تعمیر ہوں، کڈنی ہل احمد علی پارک 1962ء میں بلدیہ کراچی کے حوالے ہوا تھا مگر انکروچمنٹ کی وجہ سے یہاں پارک تعمیر نہیں ہوا حالانکہ یہ بہت ضروری تھا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا کہ اس کے حکم پر یہاں اتنی پرانی تجاوزات ختم ہوئیں اور اب یہ پارک تعمیر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کمشنر نے اس پارک کی بحالی پر بہت محنت کی ہے، 19 ہزار سے زیادہ پودے لگ چکے ہیں، مگر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ میئر کراچی نے کہا کہ یہ سلسلہ چلتا رہا تو آئندہ 5 سال بعد یہ بہت بڑا جنگل ہوگا جو ہمارے بچوں کے لئے بہت خوبصورت جگہ ہوگی، کوشش کر رہے ہیں کہ شہری اس عمل میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کا آئی کون بنے گا مگر اس میں وقت لگے گا جب یہ درخت بڑے ہوں گے تو کراچی کے لوگوں کے لئے یہ بہت بڑا سرمایہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 830169

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830169/دنیا-میں-اسوقت-بڑا-مسئلہ-ماحولیاتی-تبدیلی-کا-ہے-مگر-ہمارے-ملک-اس-اندازہ-نہیں-میئر-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org