QR CodeQR Code

زائرین کیلئے خوشخبری، ایران نے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ویزے کا اعلان کر دیا

1 Dec 2019 23:13

پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے ناظم الامور نے بتایا کہ ایران کیجانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ویزہ جاری کرنے کا مقصد، ایران کے مختلف شہروں میں سفری سہولیات میں اضافہ کرنے سمیت سیاحتی صنعت بالخصوص تجارتی سرگرمیوں اور کاروباری شعبے میں سرگرم کارکنوں کے سفر میں مزید آسانی اور تیزی لانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے اور تمام قونصل خانے، دونوں ملکوں کے درمیان سفری سہولیات میں اضافہ کرنے اور سیاحتی صنعت کو فروغ دینے کے مقصد سے سوموار سے پاکستانی شہریوں کیلئے الیکٹرانک ویزہ جاری کریں گے۔ اسلام آباد میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے سمیت پاکستان کے 4 صوبوں میں ایرانی قونصل خانوں میں ای ویزہ جاری کرنے کے عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کا نفاذ کل سے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے ناظم الامور "محمد سرخانی" نے میڈیا کے نمائندے کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہ کہ ایران کیجانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ویزہ جاری کرنے کا مقصد، ایران کے مختلف شہروں میں سفری سہولیات میں اضافہ کرنے سمیت سیاحتی صنعت بالخصوص تجارتی سرگرمیوں اور کاروباری شعبے میں سرگرم کارکنوں کے سفر میں مزید آسانی اور تیزی لانا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سالانہ لاکھوں پاکستانی زائرین، ایرانی مذہبی شہروں قم اور مشہد کا رخ کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ ایرانی زمینی سرحدوں کے ذریعے عراق کا سفر کرتے ہیں۔ رواں سال کے دوران میں بھی پاکستان کے 4 شہروں لاہور، کوئٹہ، کراچی اور پشاور میں قائم ایرانی قونصل خانوں نے اربعین زائرین کیلئے ویزہ جاری کرنے کے عمل میں آسانی لانے کیلئے دن و رات کام کیا اور کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا۔ پاکستان میں تعنیات ایرانی سفارتخانے اور تمام قونصل خانوں نے گذشتہ سال کے دوران پاکستانی شہریوں کیلئے لاکھوں ویزے جاری کئے۔ واضح رہے کہ پاکستانی محکمہ خارجہ نے بھی رواں سال مئی سے نئی ویزہ پالیسی جاری کی، جس میں 48 ممالک بشمول ایرانی شہریوں کے لیے ویزہ میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 830175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830175/زائرین-کیلئے-خوشخبری-ایران-نے-پاکستانی-شہریوں-ویزے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org