0
Sunday 1 Dec 2019 23:44

آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے حکومت نے نااہلی کی انتہا کردی، لیاقت بلوچ

آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے حکومت نے نااہلی کی انتہا کردی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کی توسیعی تقرری پر عمران خان سرکار نے حماقتوں، نااہلی اور غلطیوں کی انتہا کردی ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان کے آئین اور قانون کی روشنی میں مہلت عمل تو دے دی ہے، وزراء اپنے بیانات سے معاملات کو پھر خراب کر رہے ہیں، پوری صورتحال کو حکومتی نااہلی نے گدلا دیا ہے، قانون سازی کے راستہ میں بھی عمران خان نے بارودی سرنگیں بچھائی ہوئی ہیں، حساس اداروں کو ہی یہ کانٹے چننا ہوں گے۔ ملتان سے جاری بیان میں لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پنجاب میں بیوروکریسی، پولیس اور انتظامی افسروں کو مسلسل پنجاب کی نااہل اور ناکارہ حکومت پر قربان کیا جا رہا ہے۔ وقت، حالات اور گورننس چیخ چیخ کر اعلان کر رہے ہیں کہ حکومتی تلوں میں تیل نہیں، افسران کو نچوڑنے کی بجائے اپنے آپ کو بدلو، اپنی ٹیم بدلو، پنجاب میں گورننس کا برا حال ہے، حکمران جماعت کی دھڑے بندی اور بدکلامی سماج کے لیے عذاب بن گئی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں طالبان سے مذاکرات بحال کرنے پر مجبور ہوا ہے، صدر ٹرمپ نے افغانستان میں امریکی فورسز سے الوداعی خطاب بھی کرلیا ہے، اب افغانستان سے نکلنے کے سوا اور کوئی آپشن امریکہ کے پاس نہیں رہا، امریکہ نائن الیون کے بعد دنیا کو بدامنی کی طرف دھکیلنے کی غلطیوں کو نہ دہرائے، افغانستان سے نکلے۔ افغان عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں، لیاقت بلوچ نے کہا کہ 22 دسمبر کو مسئلہ کشمیر سے حکومت کے فرار اور انحراف پر جماعت اسلامی کا زبردست عوامی احتجاجی کشمیر مارچ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 830180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش