0
Monday 2 Dec 2019 15:48

لاہور، ملتان روڈ دھماکے کے دہشتگرد کا خاکہ تیار کر لیا گیا

لاہور، ملتان روڈ دھماکے کے دہشتگرد کا خاکہ تیار کر لیا گیا
 اسلام ٹائمز۔ لاہور میں ملتان روڈ پر چوبرجی کے قریب رکشے میں ہونیوالے دھماکے کی تفتیش میں اہم پیشرفت، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گرفتار رکشہ ڈرائیور کو کلین چٹ دے دی۔ رکشہ ڈرائیور کی مدد سے مبینہ دہشتگرد کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز ملتان روڈ پر ایک رکشہ میں زور دار دھماکہ ہوا جس میں سی ٹی ڈی کے مطابق رکشہ ڈرائیور رمضان سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ گرفتار رکشہ ڈرائیور رمضان نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بتایا کہ اس نے شیراکوٹ کے قریب سے ایک سواری کو بٹھایا اور سمن آباد اُتار دیا تھا، جس کے کچھ ہی دیر بعد زور دار دھماکہ ہو گیا۔

رکشہ ڈرائیور رمضان نے  مبینہ دہشتگرد کا حلیہ بتا دیا۔ محمد رمضان کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگرد کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔  رمضان کے ابتدائی بیان کے مطابق دہشتگرد نے ہلکے نیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور براون رنگ کی چادر اوڑھ رکھی تھی، جس نے شیرا کوٹ سے رکشہ میں بیٹھ کر بارودی مواد رکشہ میں نصب کیا تھا۔ خاکہ جاری کرنے کے بعد سمن آباد اترنے والے مبینہ دہشتگرد کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے رکشہ ڈرائیور کے بیان کی سی سی ٹی وی کیمروں سے تصدیق کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ابتک 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے جس سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 830322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش