0
Monday 2 Dec 2019 16:40

غیر ملکی وفد کا دورہ ملتان، پی ایس ایل کے میچوں کے سلسلے میں سکیورٹی کا جائزہ 

غیر ملکی وفد کا دورہ ملتان، پی ایس ایل کے میچوں کے سلسلے میں سکیورٹی کا جائزہ 
اسلام ٹائمز۔ جنوبی پنجاب کے کرکٹ شائقین کے لئے بڑی خوشخبری، ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میلہ سجے گا، توقع ہے کہ ملتان میں پی ایس ایل کے پانچویں سیزن میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے، اس سلسلہ میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے سٹی پولیس آفسیر محمد زبیر دریشک اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک سے ایسٹرن سٹار انٹرنیشنل کے غیر ملکی سکیورٹی وفد نے ملاقات کی۔ سکیورٹی وفد کی قیادت مسٹر ریجڈکسن Regdickson اور ڈیوڈ سمینر David Samener کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سکیورٹی انٹرنیشنل کرنل (ر) آصف محمود، میجر (ر) اظہر عارف، ایس ایس پی کاشف اسلم اور سی ٹی او ہما نصیب بھی موجود تھیں۔ سٹی پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ ملتان میں پی ایس ایل میچز کرانے کے لیے مکمل تیار ہے، پی ایس ایل کے موقع پر سکیورٹی کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی سٹیٹ گیسٹ کا درجہ رکھتے ہیں، پولیس کو سکیورٹی کے لیے تمام اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے، سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے فرضی مشق بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے اندر، پارکنگ ایریا، روٹ اور کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں کے اطراف میں بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے، میچوں کے دوران مکمل سکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر ڈویژن کے دوسرے اضلاع سے بھی پولیس کو طلب کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میچز کا انعقاد ملتان کے لئے اعزاز ہے، اس خطے کے لوگوں میں پی ایس ایل میچز کے بارے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے، ملتان کی دھرتی نے نامور کرکٹر پیدا کئے ہیں، غیر ملکی وفد نے سکیورٹی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا، ملتان میں پی ایس ایل کے پانچ میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 830334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش