0
Monday 2 Dec 2019 18:38

طلبہ یونینز کو ان کی روح کے مطابق بحال کرنا ہوگا، عرفان یوسف

طلبہ یونینز کو ان کی روح کے مطابق بحال کرنا ہوگا، عرفان یوسف
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ملک کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے، نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کیے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا، موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے، ان شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو معیار تعلیم پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لیے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک بھر میں قائم 700 سکولز، درجنوں کالجز اور عالمی معیار کی منہاج یونیورسٹی قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے زیور سے آرائستہ ہونا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ عرفان یوسف کا کہنا تھا کہ تعلیم کی ترقی کیلئے یکساں نصاب، تعلیمی بجٹ میں اضافہ اور قومی زبان کو ترقی دینا ہو گی، ملک میں فروغ تعلیم کے لیے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ منہاج القرآن کی تعلیم دوست پالیسیوں کی بدولت پورے ملک میں تعلیم کو فروغ مل رہا ہے، طلبہ و طالبات کو علم کے حصول کے لیے نیا جذبہ مل رہا ہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کو ان کی روح کے مطابق بحال کرنا ہوگا تاکہ ایک پڑھی لکھی باشعور تربیت یافتہ افرادی قوت دستیاب ہو سکے، پڑھے لکھے نوجوان آگے آسکیں جو ملک کو صحیح معنوں میں کامیاب فلاحی ریاست بنانے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 830348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش