0
Monday 2 Dec 2019 23:45

بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنا حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، عمران خان

بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنا حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے ملاقات کی، اس موقع پر ملاقات میں اسپیشل اسسٹنٹ برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی، سائبر کرائم، معاشی جرم، امیگریشن سے متعلق جرائم، منی لانڈرنگ اور و دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، ملک کی خدمت کے لیے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے حال ہی ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز نے ملاقات کی، وزیرِاعظم نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریاں نہایت فرض شناسی اور ملک و قوم کی خدمت کے بھرپور جذبے کے تحت ادا کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں گورننس کے لحاظ سے مثالی سمجھا جانے والا ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا، جس کی مختلف وجوہات ہیں، پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے جہاں سیاسی قیادت نے ویژن دینا ہے، وہاں بیورو کریسی نے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہے، سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے، اس کے لئے نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت (گڈگورننس) کی ضرورت ہے، ترقی پانے والے افسران اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

عمران خان نے کہا کہ  ماضی میں بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی گورننس کے مسائل کی وجہ سے حوصلہ شکنی ہوئی، لیکن ہمیں اس ماحول کو بہتر کرنا ہے، حکومت کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام ہے، گذشتہ 15 ماہ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار اور ملکی معیشت و پالیسیوں پر اعتماد کیا ہے، بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کے معترف ہیں، اس استحکام کو مزید تقویت دینے کے لئے ضروری ہے کہ بیوروکریسی طرز حکومت اور عوام کی فلاح و بہبود کے ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 830387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش