QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سے قافلہ سالاروں کی ملاقات

3 Dec 2019 18:46

قافلہ سالاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد نقوی نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق سے اس سلسلے میں تفصیلی بات ہوئی ہے اور انہیں ویزہ کے حصول سے لے کر سفر کے تمام مراحل میں پیش آنے والی مشکلات سے نہ صرف آگاہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے حل کیلئے فوری اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے بین المذاہب ہم آہنگی سید اسد عباس نقوی سے پنجاب کے مختلف قافلہ سالاروں نے ملاقات کی اور انہیں زائرین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ قافلہ سالاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد نقوی نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق سے اس سلسلے میں تفصیلی بات ہوئی ہے اور انہیں ویزہ کے حصول سے لے کر سفر کے تمام مراحل میں پیش آنے والی مشکلات سے نہ صرف آگاہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے حل کیلئے فوری اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے حوالے سے ہم ایسی حکومتی پالیسی کے خواہاں ہیں جس سے زائرین کو دوران سفر کسی قسم کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے وزارت مذہبی امور کو تجاویز بھی دی گئیں ہیں جنہیں سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص گروہ  قافلہ سالاروں کے روپ میں زائرین کیلئے شدید مشکلات کھڑی کر رہے ہیں، اسے لوگوں کو آشکار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ قافلہ سالاروں کو چاہیے کہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر زائرین کا غیر ضروری اور تکلیف دہ  قیام بھی ایک انتہائی تشویشناک مسئلہ ہے جس کی وجہ بعض اوقات قافلہ سالاروں کی ناقص انتظامی منصوبہ بندی بنتی ہے، تاہم اس مشکل کا مستقل حل نکالنا ہوگا تاکہ مرد و خواتین اور بزرگوں کو بارڈر پر طویل قیام نہ کرنا پڑے۔ ملاقات کرنیوالے قافلہ سالاروں میں ندیم حیدر  عابدی، سید محمد جاوید زیدی، سید نجم عباس، سید قاسم حسین، حکیم اسد زیدی، سجاد حسین، محمد نعیم صدیقی، سید صفدر عباس نقوی، مظہر بھوانہ اور سید علی رضا شامل تھے۔


خبر کا کوڈ: 830422

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830422/ایم-ڈبلیو-کے-سیکرٹری-سیاسیات-سے-قافلہ-سالاروں-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org