QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری

3 Dec 2019 11:33

اجلاس میں سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لئے نامزدگیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 12 رکنی کمیٹی میں حکومتی و اپوزیشن اراکین کی تعداد مساوی ہے جن میں سے 8 قومی اسمبلی اراکین اور 4 سینیٹر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لئے نامزدگیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 12 رکنی کمیٹی میں حکومتی و اپوزیشن اراکین کی تعداد مساوی ہے جن میں سے 8 قومی اسمبلی اراکین اور 4 سینیٹر ہیں۔ کمیٹی میں سینٹر اعظم سواتی، علی محمد خان، سید فخر امام، محمد میاں سومرو، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، مسلم لیگ نواز کے مرتضی جاوید عباسی، ڈاکٹر نثار چیمہ، سینیٹر مشاہد اللہ خان، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، ڈاکٹر سکندر میندھرو اور جے یو آئی ف کی شاہدہ اختر شامل ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور وزیراعظم عمران خان نے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے 3،3 مجوزہ نام دیے ہیں۔

وزیراعظم نے سندھ کے لیے جسٹس (ریٹائرڈ) صادق بھٹی، جسٹس (ریٹائرڈ) نورالحق قریشی اور عبدالجبار قریشی جب کہ بلوچستان کے لیے ڈاکٹر فیض محمد کاکٹر، میرنوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام تجویز کیے ہیں۔ شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے ہیں، جبکہ دو ارکان کی تقرری کے لیے بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی ایڈووکیٹ، سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد رؤف عطاء اور راحیلہ درانی جب کہ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام تجویز کئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 830459

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830459/الیکشن-کمیشن-ارکان-کی-تقرری-پارلیمانی-کمیٹی-کا-اجلاس-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org