0
Wednesday 4 Dec 2019 09:18

عثمان بزدار پر تنقید نہیں تعریف ہونی چاہیے، فیاض چوہان

عثمان بزدار پر تنقید نہیں تعریف ہونی چاہیے، فیاض چوہان
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی انتھک قیادت میں ملک معاشی خود کفالت کی منازل طے کر رہا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں، اب حکومت اپوزیشن کی پچ پر ڈٹ کر کھیلے گی، مولانا صرف سوجی کے حلوے پر گزارا کریں، نوٹوں کا جلوہ اب ان کی قسمت میں نہیں رہا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آل شریف کو سیمنٹ بجری کی سڑک، منی لانڈرنگ اور کرپشن کی‘‘ٹھرک’’ نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ عثمان بزدار شیر شاہ سوری ہیں، ان پر تنقید نہیں تعریف ہونی چاہیے، پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سوا سال میں پنجاب حکومت نے سردار عثمان بزدار کی قیادت میں سینکڑوں ایسے کارنامے سرانجام دیے ہیں جو شاید صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوئے ہیں اور یہ کامیابی آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کے میڈیا سیل سے ہضم نہیں ہو رہی۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی حکومت کے پہلے سال میں سی ایم سیکرٹریٹ کے اخراجات میں ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ 60 فیصد کمی کی، شہباز شریف کے برعکس 2000 سکیورٹی اہلکار رکھنے کی روش کو ختم کیا اور نہ ہی آٹھ آٹھ کیمپ آفس رکھے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پہلی دفعہ ترقیاتی بجٹ کا 35 فیصد حصہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے مختص کیا گیا ہے جس سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے ذہنوں میں تخت لاہور کا منفی امیج بدلنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا بلاول ابھی بچے اور من کے کچے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیتے ہوئے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ بلاول میچور ہو جائے اور رومن اردو کا سہارا لینا چھوڑ دے۔

سٹوڈنٹ یونینز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سٹوڈنٹ یونینز اگر اخلاقیات اور قانون کے دائرے میں رہیں تو کوئی قباحت نہیں۔ کاشانہ سکینڈل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا مذکورہ خاتون افشاں لطیف کا شوہر نوشاد لطیف شہباز شریف کا کارندہ ہے اور انہوں نے صرف حکومتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے من گھڑت حقائق کا ڈھونگ رچایا۔ انہوں نے کہا کارکردگی کی بنیاد پر اگر عثمان بزدار کو وسیم اکرم پلس کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا پنجاب میں لنگر خانے کھل رہے ہیں ان پر بھی تنقید سے لوگ باز نہیں آتے، انہوں نے کہا سابق حکومت نے ملک کو 21 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا۔
خبر کا کوڈ : 830646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش