QR CodeQR Code

امریکی سفارت خانہ اسلام اور پاکستان دشمنی کی تمام حدود پار کر چکا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

5 Jul 2011 14:31

اسلام ٹائمز:ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہم جنس پرستوں کے اجتماع سے یہ بات مزید واضح ہو گئی ہے کہ امریکی سفارت خانے کے اصل اہداف کیا ہیں اور اب ان اہداف کے واضح ہو جانے کے بعد حکومت کو چاہیے کہ امریکہ سے مکمل قطع تعلق کرے


کراچی:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے میں ہم جنس پرستوں کا اجتماع اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلام دشمنی میں کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ہم جنس پرستی ملک میں نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ سراسر بنیادی اسلامی قوانین کی سخت مخالفت اور ایسے قبیح افعال کے مرتکب افراد سخت ترین سزاﺅں کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس قسم کے قبیح اور غیر اسلامی افعال کی ترویج کے مرتکب ہو رہے ہیں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے۔
علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ ہم جنس پرستوں کے اجتماع سے یہ بات مزید واضح ہو گئی ہے کہ امریکی سفارت خانے کے اصل اہداف کیا ہیں اور اب ان اہداف کے واضح ہو جانے کے بعد حکومت کو چاہیے کہ امریکہ سے مکمل قطع تعلق کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی تباہی کا موثر ترین طریقہ اس کی تہذیب و ثقافت کی تباہی ہے اور امریکہ ملکی سالمیت پر حملوں کے بعد اب ہماری تہذیب و ثقافت کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کا کہنا تھا کہ اگر حکمران اسی انداز سے ہر امریکی جرم کے سامنے آنکھیں بند کرتے رہے تو اس کے نتائج ملکی اور معاشرتی سطح پر بھیانک نکل سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 83073

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/83073/امریکی-سفارت-خانہ-اسلام-اور-پاکستان-دشمنی-کی-تمام-حدود-پار-کر-چکا-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org