0
Wednesday 4 Dec 2019 17:58

کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، سلیم حیدر

کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، کراچی جو کہ عرس العباد، میٹروپولیٹن اور کاسموپولیٹن تھا، اب سندھ کے دیہی علاقوں سے آنے والے حکمرانوں نے اس کو دیہات میں تبدیل کر دیا ہے اور اس کے شہریوں کے ساتھ وہ ہاریوں والا سلوک کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی کا پیسہ کراچی پر لگائے جانے کے بجائے اس کے ٹیکسوں سے حاصل کردہ پیسہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کرپشن، لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کرکے ملک سے باہر منتقل کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کراچی اب کچرے کا ڈھیر بنتا جا رہا ہے اور کراچی کے عوام کے ساتھ پیپلز پارٹی کے حکمران انتقام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کراچی کے عوام نے 30 سال سے جن کو ووٹ دیئے ہیں، وہ اب بھی اپنی جائیدادیں اور بینک بیلنس بنانے میں مصروف ہیں۔

سلیم حیدر نے کہا کہ جب تک کراچی میں حقیقی نمائندگی سامنے نہیں لائی جائے گی، کراچی تباہی سے دوچار ہوتا رہے ہیں، کیونکہ اس شہر کے عوام ہمیشہ سے ہی جمہوریت پسند سوچ کے حامی رہے ہیں اور انہوں نے کبھی بھی نہ تو کسی کی غلامی پسند کی اور نہ ہی کسی کے دست نگر رہے، جس کی سزا اب انہیں معاشی، اقتصادی اور تعلیمی تباہی کی صورت میں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے دانشوروں، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، صحافی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل بیٹھ کر اس صورتحال پر غور کرنا ہوگا، ورنہ ہر آنے والے دن کے ساتھ کراچی تباہی کے دہانے پر پہنچ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 830766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش