0
Wednesday 4 Dec 2019 16:51

جسٹس گلزار احمد پاکستان کے نئے چیف جسٹس ہونگے، نوٹی فکیشن جاری

جسٹس گلزار احمد پاکستان کے نئے چیف جسٹس ہونگے، نوٹی فکیشن جاری
اسلام ٹائمز۔ جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر سے چیف جسٹس پاکستان کا منصب سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی نے جسٹس گلزار کی تعیناتی کی منظوری دے دی، جس کے بعد جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر سے چیف جسٹس پاکستان کا منصب سنبھالیں گے، وہ ستائیسویں چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے، جبکہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ خیال رہے نئے نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، جسٹس گلزار قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1986ء کو ہائی کورٹ اور 1988ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے، 2 اگست 2002ء کو سندھ ہائی کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا اور 16 نومبر 2011ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔

نامزد چیف جسٹس گلزار احمد بطور جج سپریم کورٹ اہم مقدمات کے فیصلوں میں شامل رہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پانامہ مقدمہ میں نااہلی کا فیصلہ بھی دیا، ترمیم کے خلاف درخواستوں سننے والے بینچ کا بھی حصہ رہے، نامزد چیف جسٹس گلزار احمد دو سال ایک ماہ بارہ دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022ء کو عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں۔ یاد رہے جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے رواں سال 18 جنوری کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ رواں سال 20 دسمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، انہیں کیمبرج یونیورسٹی کی 200 سالہ تاریخ میں خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ واضح رہے سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال مقرر ہے، چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینیئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے، اس لحاظ سے سپریم کورٹ کے ججوں کی موجودہ سنیارٹی لسٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان مقرر کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 830803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش