0
Wednesday 4 Dec 2019 22:17
قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پہ بحث

کشمیر کے معاملے پہ دنیا کے ایوانوں میں بحث ہو رہی ہے، شاہ محمود قریشی

ہم نے جنیوا میں بھارت کو اتنا بے نقاب کیا کہ وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا
کشمیر کے معاملے پہ دنیا کے ایوانوں میں بحث ہو رہی ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی اجلاس میں کشمیر کا معاملہ زیر بحث رہا اور حزب اختلاف کے رہنماؤں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر ایوان میں کوئی تقسیم اور ابہام نہیں ہے، نہ ہی کسی کمزور کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ 72 سال پرانا ہے تاہم حکومت نے حزب اختلاف کے تعاون سے جتنا اس مسئلے کو اجاگر کیا گیا، اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ دنیا بھی حکومتی کوششوں کی معترف ہے۔ خود ہندوستانی حکمرانوں کے اقدامات کی وجہ سے بھی یہ معاملہ اجاگر ہوا اور آج کوئی کشمیری رہنما ہندوستانی مؤقف کی حمایت نہیں کر رہا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان نواز کشمیری رہنماؤں نے بھی ہندوستانی مؤقف کو مسترد کیا اور 50 برس بعد کشمیر کے مسئلے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا جسے ہندوستان نے اس اجلاس کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ تاہم ہم  نے اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اور اب کشمیر کے معاملے پر دنیا کے ایوانوں میں بحث ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنیوا میں بھارت کو اس قدر بے نقاب کیا کہ وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں بھی کشمیر کا مسئلہ بھر پور طریقے سے پیش کیا، میں مسئلہ کشمیر پر حزب اختلاف کی رہنماؤں کو دفتر خارجہ مدعو کرتا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کو مردہ گھوڑا نہ کہا جائے، دوست بنانے کے بجائے موجودہ دوستوں کو بگاڑنا نہیں چاہیے۔ ہمیں او آئی سی کی ضرورت پڑتی رہے گی۔

اس سے قبل مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کو آج 4 ماہ گذر گئے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ظلم و ستم جاری ہے۔ 120 دن گزرنے کے بعد بھی انفارمیشن بلیک آؤٹ ہے۔ وزیر خارجہ ایوان میں آکر بتائیں انہوں نے اس سلسلے میں کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب تک سفارتی ایمرجنسی نافذ کر دینی چاہیے تھی اور حکومت کو دوبارہ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ وزیراعظم فوری طور پر بین الاقوامی رابطے کریں اور مسلمہ امہ کو جھنجھوڑیں۔ پیپلز پارٹی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت نے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے لیکن اتنے دن ہو گئے ہم کرفیو تک نہیں ہٹوا سکے۔ ہمیں اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہو گا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز میں ڈیرہ اسماعیل خان اور گوادر میں ٹریفک حادثے اور اردن میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لیے دعا مغفرت کی گئی جبکہ نقیب اللہ محسود کے والد اور پشاور میں دہشت گردوں کی کاروائی میں شہید ہونے والوں کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے نواب زادہ شاہ زین بگٹی سے رکن قومی اسمبلی کا حلف لیا۔
خبر کا کوڈ : 830806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش