0
Thursday 5 Dec 2019 15:16

کراچی میں ایک اور سگنل فری کوریڈور، شہید ملت روڈ پر انڈر پاسز رواں ماہ کھولنے کا اعلان

کراچی میں ایک اور سگنل فری کوریڈور، شہید ملت روڈ پر انڈر پاسز رواں ماہ کھولنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پر حکومت سندھ کے تحت 2 انڈر پاسز تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہوگئے، کراچی میگا پروجیکٹ کے انجینئرز اور عملے نے ریکارڈ مدت میں انڈر پاسنز کو تعمیر کیا ہے، جس کی وجہ سے شہر کے بہت سے علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال سے نجات مل جائے گی۔ کراچی کی مصروف ترین  شہید ملت روڈ جو بلوچ کالونی سے جیل چورنگی تک محیط ہے، اس پر سندھ حکومت کے تحت کراچی میگا پروجیکٹ نے دونوں انڈر پاسز کو ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا ہے، مارچ میں ان منصوبو ں کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن کراچی میں دو ماہ سے زائد بارشوں کی وجہ سے تعمیرات میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ اس کے ساتھ انڈر پاسز کی کھدائی کے دوران ٹیپو سلطان روڈ پر چٹانوں کی وجہ سے مزید مشکلات ہوئی لیکن کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت پھر بھی شہر کے انتہائی اہم منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیا، اس سے قبل کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت بلوچ کالونی سے آگے پہلے فلائی اوور تعمیر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 1886 ملین کے یہ منصوبے تھے جس میں ایک فلائی اوور اور دو انڈر پاسز تھے، پہلے فیز میں فلائی اوور تعمیر کیا گیا، اس کے بعد اب طارق روڈ اور ہل پارک انٹر سیکشن پر انڈر پاسز کو تعمیر کرنا تھا جس کی تکمیل آب آخری مراحلے میں ہے، خوش آئندہ بات یہ ہے کہ انڈر پاسز تعمیر کے دوران شہید ملت روڈ جو شہر کی انتہائی مصروف ترین شاہراہ تصور کی جاتی ہے اس کو ٹریفک کے لئے بند نہیں کیا گیا متبادل راستوں کو تعمیر کیا گیا۔

حالیہ دنوں میں ریٹائر ہونے والے پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی میگا پروجیکٹ نیاز سومرو اور خالد مسرور نے مسلسل کئی گھنٹے کام کرا کے ان منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، اس میں سب اہم با ت یہ بھی ہے کہ اس منصوبوں کے لئے مختص کی گئی رقم میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ پورے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، طارق روڈ انڈر پاس ساڑھے پانچ سو میٹر طویل ہے جبکہ ہل پارک انٹر سکیشن پر تعمیر ہونے والا انڈر پاس ساڑھے سات سو میٹر طویل ہے، تین لائن پر محیط یہ انڈر پاس تعمیر کئے گئے ہیں۔ اس میں حائل پانچ ٹریفک سگنل کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا، ساتھ ساتھ اطراف میں نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہے جس سے ایک اور شہر میں سنگل فری کو ریڈرو بن گیا ہے، قیوم آباد چورنگی سے جیل چورنگی تک سگنل فری کو ریڈرو بن گیا ہے، جہاں پہلے یہ راستہ گھنٹوں پر محیط تھا لیکن اب چند منٹوں میں یہ طے کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب طارق روڈ اور بہادرآباد پر شاپنگ کے لئے آنے والے شہریوں کو بھی ٹریفک جام کی اذیت سے نجات مل جائے گی جبکہ جیل چورنگی سے موسمیات سے سڑک کا استعمال کیا جائے تو یہ ایک انتہائی اہم سڑک بن گئی ہے، دو منصوبوں کی تعمیر سندھ حکومت کا کراچی کے شہریوں کے لئے  بہت بڑا تحفہ ہے۔ دونوں انڈر پاسز میں ایک انڈر پاس کا سو فیصد کام مکمل کر لیا گیا جبکہ دوسرے انڈر پاس کا کام نوے فیصد مکمل ہو چکا۔ کراچی میگا پروجیکٹ ڈائریکٹر خالد مسرور نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت شہر میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے تعمیر کئے گئے ہیں، ان دونوں منصوبوں کو بھی مکمل کرلیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ دسمبر میں ان منصوبو ں کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہینو پارک چورنگی  سے جیل چورنگی تک کا سفر صرف دس منٹ میں طے کیا جاسکتا ہے جبکہ ماضی میں یہاں مصروف اوقات میں کئی کئی گھنٹے لگ جاتے تھے صرف ایک سگنل پر دس دس منٹ لگ جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 830943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش