0
Thursday 5 Dec 2019 16:33

جی بی آئینی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ ہونا تشویشناک ہے، بلاول بھٹو

جی بی آئینی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ ہونا تشویشناک ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے سپریم اپیلٹ کورٹ اور جی بی کونسل ڈیڑھ سال سے غیرفعال ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی جی بی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے امجد ایڈووکیٹ کی قیادت میں پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں سید مہدی شاہ، جمیل احمد، سعدیہ دانش، شوکت علی اور شاہ سلطان شامل تھے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ججز کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے جی بی میں اعلیٰ سطح کی عدالتوں کا غیر فعال ہونا تشویشناک ہے۔ بلاول بھٹو نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جی بی کی آئینی حیثیت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا؟

بلاول بھٹو نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے تعلیم کے وفاقی بجٹ میں کٹوتی کی ہے جس کا سب سے زیادہ نقصان جی بی کے طلبہ کو ہو رہا ہے، تعلیمی بجٹ میں کٹوتی کے بعد جی بی کی دونوں یونیورسٹیوں کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، گلگت بلتستان میں فوجی عدالتوں کے قیام سے قبل کے مقدمات کی بھی ان عدالتوں میں سنوائی گئی، جو کہ متاثرہ افراد کے ساتھ ناانصافی ہے، ہنزہ سانحے کے اسیران بابا جان و دیگر سیاسی قیدیوں سے ناانصافی ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی میں جاری تحریک حق ِملکیت بھٹو شہید کے نظرئیے کے مطابق ہے اور پی پی پی اس خواب کی تعبیر یقینی بنائے گی۔ ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال، جی بی میں آئندہ انتخابات اور 27 دسمبر کے جلسے کے حوالے سے گفتگو کی اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 830945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش