QR CodeQR Code

شہباز شریف نے سچ بولا تو اسکی سیاست ختم ہو جائیگی، شیخ رشید

5 Dec 2019 16:53

اسلام آباد میں گفتگو کے دوران ایک سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کیلیے یہ ان ہاؤس تبدیلی نہیں لا سکتے وہ وزیر اعظم کیلیے کیسے لائیں گے، جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کررہے ہیں،


اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے جس دن سچ بولا ان کی سیاست ختم ہوجائے گی، وہ نواز شریف کے ساتھ ٹوکن کے طور پر گئے ہیں، یہ جب لندن جاتے ہیں کوئی نیا شگوفہ کھلاتے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کیلیے یہ ان ہاؤس تبدیلی نہیں لا سکتے وہ وزیر اعظم کیلیے کیسے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کررہے ہیں، پارلیمنٹ کے فیصلے عدالتیں کرنے لگیں تو وہ دن بھی آئیگا کہ عدالتیں ہی پارلیمنٹ کا فیصلہ کریں گی۔ شیخ رشید نے حزب اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف ہونا چاہیے تو پھر کیوں اپنی پسند کا جج لگواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے الیکشن کمشنر لگوایا پھر 2018ء الیکشن کے نتائج کیوں نہ تسلیم کیے گئے؟، ہمیں من پسند نہیں، اچھا جج لگانا چاہیے، عمران خان چاہتے تو مسلم لیگ (ن) کے کئی ارکان صوبے اور مرکز میں شامل ہوجاتے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جسے شوق ہے وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔ وزیر ریلو ے نے لاہور واہگہ شٹل ٹرین 14 دسمبر سے چلانے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریلوے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، تاریخ میں پہلی بار ریلوے مسافر میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں مسافر ٹرینیں منافع میں جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، یہ 1872 کلومیٹر تک نیا ٹریک ہوگا جس میں کوئی پھاٹک نہیں ہوگی۔
 


خبر کا کوڈ: 830951

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830951/شہباز-شریف-نے-سچ-بولا-اسکی-سیاست-ختم-ہو-جائیگی-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org