QR CodeQR Code

آرمی چیف معاملے کو نااہل حکومت نے جان بوجھ کر الجھایا ہوا ہے، سعید غنی

5 Dec 2019 18:50

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و محنت سندھ نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ عوام نے منتخب کیا اور عمران خان کو جس نے سلیکٹ کیا، انکا سب کو معلوم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے معاملے کو موجودہ نااہل حکمرانوں نے جان بوجھ کر الجھایا ہوا ہے اور وہ پاکستانی فوج کا امیج عالمی سطح پر خراب کرنے کے درپے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ نالائقی اور نااہلی اوپر کی سطح پر ہے، وزیر قانون، اٹارنی جنرل پاکستان کے بہترین وکیل بھی ایک نوٹیفکیشن درست نہ بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کی فائل کوئی عام نہیں اہمیت کی حامل ہے، صدر مملکت کا یہ کہنا کہ یاد نہیں رہا، غلط بیانی ہے۔ سپریم کورٹ میں جاکر جھوٹ بولا گیا ہے، دیکھنا ہوگا کہ یہ نالائقی ہے یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا۔

سعید غنی نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ عوام نے منتخب کیا اور عمران خان کو جس نے سلیکٹ کیا، انکا سب کو معلوم ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کیلئے دوتہائی اکثریت درکار ہے، حکومت سنجیدہ ہوتی تو بات چیت کرتی، لیکن اس ایشو کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تر نوالہ نہ سمجھا جائے، اگر ترمیم کروانی ہے تو سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں اور زیادتیاں بند کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 830964

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830964/آرمی-چیف-معاملے-کو-نااہل-حکومت-نے-جان-بوجھ-کر-الجھایا-ہوا-ہے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org