0
Thursday 5 Dec 2019 19:01

انصاف کے نام پر اقتدار میں آنیوالی حکومت میں بھی انصاف کا فقدان ہے، مفتی نعیم

انصاف کے نام پر اقتدار میں آنیوالی حکومت میں بھی انصاف کا فقدان ہے، مفتی نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ ملکی تمام مسائل کا حل انصاف کی فوری فراہمی میں  ہے، انصاف کے دُہرے معیار کے باعث معاشرتی و معاشی مسائل جنم لے رہے ہیں، کرپشن اور بددیانتی سے ملک بچانے کیلئے نظام عدل قائم کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بنوریہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مفتی نعیم نے کہا کہ انصاف کے نام پر اقتدار میں آنے والی حکومت میں بھی انصاف کا فقدان دکھائی دے رہا ہے، نہ ساہیوال کے بچوں کو انصاف ملا اور نہ ہی نقیب اللہ مسعود کے قاتلوں کو سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سرکاری معاملات یا بااثر افراد کیلئے عدالتیں راتوں رات اتوار کے دن بھی فیصلے سناتی ہیں، جبکہ غریب بیچارہ عدالتوں میں نسل در نسل انصاف سے محروم رہتا  ہے۔

مفتی نعیم نے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندے اور سیاستدان کھلم کھلا جھوٹ، بددیانتی، بہتان اور رشوت خوری میں مصروف نظر آتے ہیں، لیکن انصاف کے دُہرے معیار کے باعث وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر قسم کے وسائل موجود ہیں، اس کے باوجود بھوک، افلاس اور غربت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، سرمایہ دار طبقہ وسائل پر قابض ہے اور غریب غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام عدل طبقاتی نظام اور وڈیرہ شاہی کا سب سے بڑا دشمن ہے، کرپٹ اور بددیانت لوگوں سے ملک کو پاک کرنے کیلئے ہمیں نظام عدل قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 830967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش