QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، پاک فوج کے 2 جوان وطن پر قربان

5 Dec 2019 20:54

خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شیر زمان اور سپاہی محمد جواد شہید ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے گاؤں چارخیل کے قریب دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شیر زمان اور سپاہی محمد جواد شہید ہوئے۔ یاد رہے کہ 12 نومبر کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک جوان زخمی بھی ہوا۔ دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں سپاہی ساجد، سپاہی ریاست اور سپاہی بابر شامل تھے۔ 25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہی شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق، جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کیلئے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہوچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 830983

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/830983/شمالی-وزیرستان-دہشتگردوں-کیخلاف-ا-پریشن-پاک-فوج-کے-2-جوان-وطن-پر-قربان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org