QR CodeQR Code

کرپشن جن سے شروع ہوئی وہ باہر چلے گئے ہیں

ایک بار پھر کہتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، وزیراعظم

امہ کو اکھٹا کرنے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

5 Dec 2019 22:46

اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک گزارا اس لیے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، کئی لوگ پاکستان آئے، مشکلات ہوئیں تو واپس چلے گئے لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ کسی پیغمبرکی زندگی آسان نہیں تھی اور چھوٹے فیصلے کرنے والا خودغرض ہوتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میری پوری توجہ معیشت مستحکم کرنے پر ہے اور ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا لیا ہے۔ اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک گزارا اس لیے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، کئی لوگ پاکستان آئے، مشکلات ہوئیں تو واپس چلے گئے لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ کسی پیغمبر کی زندگی آسان نہیں تھی اور چھوٹے فیصلے کرنے والا خودغرض ہوتا ہے، بڑے فیصلوں میں رسک ہوتا ہے لیکن جو لوگ زندگی میں اوپر پہنچے، انھوں نے بڑے فیصلے کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتی ہے اور جن سے کرپشن شروع ہوئی وہ تو باہر چلے گئے ہیں، ای گورننس کرپشن ختم کرنے کا بہترین طریقہ اور ہمارے لیے بہت ضروری ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی آئے گی، ای گورننس کرپشن ختم کرنے کا بہترین طریقہ ہے، سرکاری محکموں میں بھی ای گورننس سسٹم لا رہے ہیں لیکن مزاحمت کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری پوری توجہ معیشت مستحکم کرنے پر ہے اور ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پالیا ہے لیکن جب حکومت ملی تو کوئی ادارہ ایسا نہیں تھا جو خسارے میں نہیں تھا اور آپ پانچ سال مجھ سے یہ سنتے رہیں گے کہ ہمیں کتنا خسارہ ملا، خسارے کا دباؤ روپے پر آتا ہے اور جب تک روپیہ مستحکم نہیں ہوتا، سرمایہ کاری بھی نہیں آتی، باہر کی ایجنسیز جب کہتی ہیں کہ معیشت مستحکم ہو گئی ہے تو اعتماد ملتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم سے پہلے خطاب میں کہا آپ نے گھبرانا نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ گھبرا گئے اور ابھی بھی گھبرائے ہوئے ہیں، ایک بار پھر کہتا ہوں ملکی معیشت درست کام کر رہی، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امہ کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کریں گے اور اپنی پوری صلاحیتیں بروئےکار لائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 831012

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831012/ایک-بار-پھر-کہتا-ہوں-کہ-ا-پ-نے-گھبرانا-نہیں-ہے-وزیراعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org