QR CodeQR Code

نیب اغوا برائے تاوان کا ادارہ بن چکا ہے، محفوظ مشہدی

5 Dec 2019 22:46

جے یو پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ نیب کا میاں شہباز شریف کی جائیداد منجمد کرنے کا اقدام جانبدارانہ، آئینی حدود سے تجاوز اور عدلیہ کی توہین ہے، وہ کام جو صرف عدلیہ کر سکتی ہے وہ نیب کرکے واضح کر رہی ہے کہ نیب غیر جانبدار نہیں، ظالمانہ ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے مسترد شدہ کرپٹ عناصر جمع ہو چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی جائیداد منجمد کرنے کے یکطرفہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب اغوا برائے تاوان کا ادارہ بن چکا ہے، جو عمران حکومت کی فاشزم کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاوالدین سے آنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری بھی موجود تھے۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ نیب کا میاں شہباز شریف کی جائیداد منجمد کرنے کا اقدام جانبدارانہ، آئینی حدود سے تجاوز اور عدلیہ کی توہین ہے، وہ کام جو صرف عدلیہ کر سکتی ہے وہ نیب کرکے واضح کر رہی ہے کہ نیب غیر جانبدار نہیں، ظالمانہ ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے مسترد شدہ کرپٹ عناصر جمع ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس نیب ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی، صرف اپوزیشن رہنماوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ پیر محفوظ مشہدی کا کہنا تھا کہ خود وزیراعظم عمران خان بھی عدالتوں کو مطلوب ہیں، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کیخلاف مقدمات ہیں لیکن نیب نے ان میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کر رہا، صرف دو صوبائی وزراء علیم خان اور سبطین خان کو نیب نے گرفتار کیا اور پھر ضمانت پر رہا بھی کر دیا گیا جبکہ شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ خان، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حکومت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ نیب کی تمام کارروائیوں کا مرکز و محور صرف اور صرف اپوزیشن ہے۔


خبر کا کوڈ: 831015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831015/نیب-اغوا-برائے-تاوان-کا-ادارہ-بن-چکا-ہے-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org