0
Thursday 5 Dec 2019 23:28

گوگل کا اہم ترین عہدہ چھوڑ کر تانیہ ادریس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ بن گئیں

گوگل کا اہم ترین عہدہ چھوڑ کر تانیہ ادریس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ بن گئیں
اسلام ٹائمز۔ گوگل سنگاپور میں سینئر ترین عہدے پر فائز پاکستانی ماہر تانیہ ادریس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور اسی بنا پر وہ ملک میں سکونت اختیار کرکے ڈیجیٹل پاکستان کا اجرا کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں آج اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن منصوبے کا افتتاح کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی وزیرِاعظم عمران خان تھے۔ تانیہ ادریس نے اپنی پرجوش تقریر میں کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی بنیاد پڑ چکی ہیں اور نادرا جیسی سہولیات موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’علمی معیشت‘ یا نالج اکانومی کا دور آچکا ہے اور پاکستان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جنہیں ڈجیٹل علوم اور ٹولز کی تعلیم دے کر ڈیجیٹل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

انڈونیشیا کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو سال قبل وہاں ڈجیٹل پلیٹ فارمز، ای گورننس اور فائنینشل ٹیکنالوجیز کا آغاز ہوا اور اب وہاں اس شعبے کی سرمایہ کاری 5 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے جس سے خود انڈونیشیا کی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ کی اہمیت پر کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے ساتھ اب انٹرنیٹ کو بھی بنیادی ضروریات میں شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ پاکستان میں اس کی وسیع امکانی استعداد موجود ہے۔ واضح رہے کہ تانیہ ادریس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہی سے قبل گوگل سنگاپور میں نیکسٹ بلین یوزرز پروگرام کی سربراہ اور چیف آف اسٹاف رہ چکی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت انہوں نے صارفین اور مارکیٹ کے لیے نئی پراڈکٹس کی تیاری میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے  موبائل پر مبنی صحت و تشخیص کی ایک کمپنی ’کلک ڈائیگنوسٹکس‘ کی بنیاد بھی رکھی ہے جب کہ وہ امریکی حکومت سمیت دنیا کے 500 اداروں کو مشاورت بھی فراہم کرتی ہیں۔ تانیہ ادریس نے ایم آئی ٹی سلون اسکول آف مینجمنٹ سے ایم بی اے کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 831025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش