0
Friday 6 Dec 2019 09:11

بعض طاقتیں خطے میں عدم استحکام کیلئے نفاق پیدا کر رہی ہیں، رضا ناظری

بعض طاقتیں خطے میں عدم استحکام کیلئے نفاق پیدا کر رہی ہیں، رضا ناظری
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود اس وقت پاکستان اور ایران کے درمیان مجموعی دو طرفہ تجارت کا حجم 6.25 ارب ڈالر ہے جس میں سے 1.26 ارب ڈالر روایتی جبکہ 5 رب ڈالر کی تجارت غیر روایتی چینل سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی، صنعتی، تجارتی اور زرعی ترقی کا مرکز ہے اور اس وقت دونوں ملکوں میں جو تجارت ہو رہی ہے وہ ان کے پوٹینشل کے نصف سے بھی کم ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے آزادی کے فوراً بعد پاکستان کو تسلیم کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے تہران اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخطوں کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ اس کے ذریعے دونوں ملکوں کے نجی شعبہ میں براہ راست رابطوں اور کاروباری تعلقات کو فروغ مل سکے گا۔
 
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے ایران کیلئے براہ راست فضائی پروازوں کی بھی تجویز زیر غور ہے جبکہ دونوں ملکوں میں سنگل کنٹری نمائشوں کی تجویز بھی انتہائی قابل عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایرانی مصنوعات کی نمائش لگائی جا سکتی ہے، اسی طرح فیصل آباد کے برآمد کنندگان کو بھی ایران میں لگائی جانیوالی نمائشوں میں حصہ لینا چاہیے۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ جنوری میں ایران کا ایک اقتصادی وفد کراچی آ رہا ہے، جو بعد میں لاہور کا بھی دورہ کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس وفد سے فیصل آباد کے تاجروں کی لاہور میں ملاقات کرانے کے علاوہ ایرانی وفد کو فیصل آباد لانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس سے دونوں ملکوں میں اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ کاروباری لین دین کے حوالے سے بینکوں سے متعلقہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ چیمبر اور زاہدان چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں سے بارٹر ٹریڈ کا مسئلہ کافی حد تک آسان ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاک ایران مشترکہ بارٹر ٹریڈ کمیٹی کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ یہ کمیٹی دونوں ملکوں کی اشیاء کی قیمتوں کا تعین مقامی کرنسی میں کرے گی جبکہ اس سلسلہ میں درآمدی اور برآمدی اشیاء کی فہرست کا بھی تبادلہ ہو چکا ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ بینک ایکسچینج ریٹ کے بعد فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخطوں کا مسئلہ بھی حل طلب ہے، جس کیلئے پہلے مختلف اشیاء کیلئے ٹیرف کا تعین کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں رضا ناظری نے بتایا کہ ایران نے یکم دسمبر سے ای ویزہ سسٹم شروع کر دیا ہے، جس سے فیصل آباد سمیت پورے ملک کے برآمدی تاجروں کو ایران جانے کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا کے 192 ممالک میں گیس کے سب سے بڑے ذخائر ایران کے پاس ہیں لیکن ہم ان کو آنیوالی نسلوں کا اثاثہ سمجھتے ہیں اور انہیں ان کیلئے محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے کیمیکل اور نینو ٹیکنالوجی سمیت کئی دوسرے جدید علوم میں مہارت حاصل کر لی ہے۔ ہم پہلے تیل اور گیس برآمد کرتے تھے جبکہ اب ہم پیٹروکیمیکل کی مصنوعات برآمد کرکے 33 ارب ڈالر کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، مگر بعض عالمی طاقتیں اس خطے کو غیر مستحکم کرنے کیلئے علاقائی ملکوں میں نفاق پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔
 
اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معاشی مشکلات کے خاتمے کیلئے ایران سے امداد نہیں تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اُن درآمدی اور برآمدی اشیاء کا تعین کرنا ہوگا جو دونوں ملک اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دنیا کے دوسرے ملکوں سے منگوا رہے ہیں تاکہ ان کو ایک دوسرے کے ملک سے منگوانے کو ترجیح دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دونوں حکومتوں کو بھی ایسی پالیسیاں اپنانی ہوں گی جن کے ذریعے باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکے آخر میں نائب صدر بلال وحید شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر رانا محمد سکندر اعظم نے بابر شہزاد اور رانا اکرام اللہ کے ہمراہ ایرانی قونصلر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے بھی رانا محمد سکندر اعظم خاں کو ایرانی تحائف پیش کئے۔
خبر کا کوڈ : 831054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش