0
Friday 6 Dec 2019 09:20

کرپشن کے خاتمے کے لیے ای گورننس ضروری ہے، عمران خان

کرپشن کے خاتمے کے لیے ای گورننس ضروری ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ورثے میں کرنٹ اکاؤنٹ اور بجٹ کا بڑا خسارہ ملا لیکن اب ملکی معیشت درست سمت جارہی ہے ، آپ کو گھبرانا نہیں ہے۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان وژن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انسان بوڑھا تب ہوتا ہے جب چیلنج ختم ہو جاتا ہے اور جس دن چیلنج ختم ہو زندگی کا نیچے کا سفر شروع ہو جاتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ کئی لوگوں کو جانتے ہیں جنہوں نے پاکستان آنے کی کوشش کی اور کئی لوگ پاکستان آئے، مشکلات ہوئیں تو واپس چلے گئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی پیغمبر کی زندگی بھی آسان نہیں تھی، میں خود اوورسیز پاکستانی رہا ہوں، زندگی کی بڑا حصہ باہر گزارا، آگے بڑھنے کے لیے بڑے فیصلے کرنا پڑتے ہیں، چھوٹا فیصلہ ذاتی ہوتا ہے جب کہ بڑا فیصلہ اپنی ذات سے ہٹ کر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالتے ہی ہمیں بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور بجٹ خسارہ ملا، آپ 5سال مجھ سےسنیں گے کہ کتنا بڑا خسارہ ہمیں ملا، بچے بچے کو پتہ ہوگا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کیا ہوتا ہے، پچھلی حکومت نے زرمبادلہ خرچ کرکے روپے کو مصنوعی استحکام دیا ہوا تھا، ہم نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو  پایا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک روپیہ مستحکم نہیں ہوتا، سرمایہ کاری نہیں آتی،عالمی ایجنسیز جب کہتی ہیں کہ معیشت مستحکم ہوگئی ہے تو اعتماد ملتا ہے۔ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ای گورننس ضروری ہے، اداروں میں جیسے ہی ای گورننس آئی، ادارے تبدیل ہوگئے، ہماری حکومت پوری طرح ڈیجیٹل پاکستان پر زور لگائےگی۔ نوجوانوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہیں، ہم نوجوانوں کی آبادی کو ترقی کےلیے استعمال کرسکتے ہیں، ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ نوجوانوں کے لیے مفید ہے، اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 831057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش