0
Friday 6 Dec 2019 09:38

کشمیر گزشتہ چار ماہ سے کربلا بنا ہوا ہے، سراج الحق

کشمیر گزشتہ چار ماہ سے کربلا بنا ہوا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں میں مرکزی و صوبائی سیکرٹریز اطلاعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکومت نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، اب اس خوش فہمی اور فریب میں نہیں رہنا چاہیے کہ یہ حالات میں کوئی تبدیلی لا سکتے ہیں، اِداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ کا اعتراف خود حکمران کر رہے ہیں، ظالم جاگیر داروں اور بے رحم سرمایہ داروں نے ہائی جیکرز کی طر ح معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے، غربت، جہالت، مہنگائی، بےروزگاری اور بدامنی جیسےمسائل کے ذمہ دار یہی بے حس لوگ ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی خود سٹیٹس کو کی محافظ بن چکی ہے، طبقاتی معاشی اور تعلیمی نظام کے ذریعے یہ لوگ عام آدمی کا استحصال کر رہے ہیں، 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام اسلام آباد پہنچیں گے۔ اِجلاس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے بھی خطاب کیا۔
 
سراج الحق نے کہا کہ پندرہ ماہ گزر گئے مگر پی ٹی آئی حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کر سکی، حکمران عوام کیساتھ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، یہ ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جو پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو دھوکہ دے رہا ہے، پی ٹی آئی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے، ان سے خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، عام آدمی مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پس کر رہ گیا ہے، لوگوں کے لیے دو وقت کے کھانے کا حصول مشکل بنا دیا گیا ہے، پہلے لوگ سونا چاندی مہنگا ہونے کی باتیں کیا کرتے تھے اب آلو، ٹماٹر، پیاز کی قیمتوں کی بات کرتے ہیں۔  سراج الحق نے کہا کہ کشمیر گزشتہ چار ماہ سے کربلا بنا ہوا ہے، ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے، کشمیری قیادت جیلوں میں بند اور گھروں میں قید ہے، سینکڑوں بچیوں کو اٹھا کر انہیں درندگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری مائیں بہنیں بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں کوئی اُن کی پکار سننے والا نہیں۔
 
اُنہوں نے کہاکہ جب وزیراعظم نے سلطان ٹیپو بننے کی بات کی تو عوام خوشی سے جھوم اٹھے مگر بعد میں ٹیپو سلطان نے بازو پر کالی پٹی باندھ  کر قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے، 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے بے حس اور بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے، کشمیر پاکستان کیلیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پاکستان کی بقا، سالمیت اور تحفظ کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے، اگر حکمرانوں نے غیر ت و حمیت کا مظاہرہ نہ کیا تو جماعت اسلامی قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دے گی۔
خبر کا کوڈ : 831060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش