0
Friday 6 Dec 2019 21:37

کسی سیاسی جماعت کی یہ خواہش نہیں رہی کہ ملک میں بلدیاتی الیکشن ہوں، میئر کراچی

کسی سیاسی جماعت کی یہ خواہش نہیں رہی کہ ملک میں بلدیاتی الیکشن ہوں، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی یہ خواہش نہیں رہی کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوں، سیاسی جماعتیں اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں، 18ویں ترمیم اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے کی گئی تھی، مگر سارے اختیارات صوبوں نے اپنے پاس رکھ لئے، سپریم کورٹ کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کرائے گئے، مگر اس سے قبل ہر صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر کمزور کیا جس کی وجہ سے ملک میں یہ نظام ناکام ہو گیا، اگر اس کو درست نہ کیا گیا تو جمہوریت بھی ناکام ہو جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنے دفتر میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے چاروں صوبوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ اگر اس نظام کو درست کرکے ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کو با اختیار، خودمختار نہیں بنایا گیا، تو مزید بلدیاتی انتخابات کرانا ملک کے وسائل ضائع کرنے کے مترادف ہوگا۔

وسیم اختر نے کہا کہ اسمبلیوں کا کام قانون سازی اور اس کا تحفظ ہے، مگر سندھ حکومت اپنے ہی بنائے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرتی ہے، ایس ایل جی اے 2013ء ایک کمزور قانون اسی اسمبلی نے منظور کیا بعد میں اس حکومت نے مختلف نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کمزور قانون میں سے بھی اختیار اپنے پاس رکھ لئے، تو اتنے بڑے شہر کا نظام کیسے چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مقامی لوگوں کو مقامی مسائل حل کرنے کا اختیار نہیں دیا جاتا، ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام امیدیں ملک کے نوجوانوں سے وابستہ ہیں، ہمارے نوجوانوں میں بہت صلاحیتیں ہیں، یہی ملک کو آگے لے جائیں گے، نوجوان ملک کی ترقی اور اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر آواز بلند کرتے رہیں۔
خبر کا کوڈ : 831180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش